ویسٹ انڈیز کا انوکھا فیصلہ، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ڈیرن سیمی قیادت سے محروم

0 1,025

چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے لیے تمام ممالک اپنی ٹیموں کا اعلان کر چکے تھے اور محض ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کا انتظار باقی تھا۔ جتنی تاخیر سے ٹیم کا اعلان کیا گیا، وہ اتنا ہی حیرت انگیز بھی ہے کہ ویسٹ انڈیز نے اپنی ایک روزہ ٹیم کے لیے ڈیوین براوو کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے جبکہ موجودہ کپتان ڈیرن سیمی بدستور ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت کرتے رہیں گے۔

ڈیرن سیمی آئی پی ایل میں مزے کر رہے تھے کہ یہ خبر آ گئی (تصویر: BCCI)
ڈیرن سیمی آئی پی ایل میں مزے کر رہے تھے کہ یہ خبر آ گئی (تصویر: BCCI)

دنیا بھر میں جہاں نئے کپتان کو آزمانے کے لیے ٹی ٹوئنٹی میں دھکیلا جاتا ہے، وہاں ویسٹ انڈیز کا یہ فیصلہ حیران کن لگتا ہے کہ انہوں نے براوو کو قیادت کے لیے ٹی ٹوئنٹی نہیں بلکہ ایک روزہ ٹیم دی ہے، اور وہ بھی سال کے اہم ترین چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے صرف ایک ماہ قبل۔ یعنی کہ ٹورنامنٹ میں براوو قیادت کے فرائض انجام دیں گے اور "سابق" کپتان ڈیرن سیمی ان کی زیر قیادت کھیلیں گے۔

اور یہ اعلان بھی "ڈنکے کی چوٹ" پر کیا ہے کہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کی کارکردگی میں تسلسل کے ساتھ بہتری آ رہی ہے،اس لیے سیمی کی کارکردگی سے خوش ہیں اور وہ دونوں ٹیموں کی قیادت کرتے رہیں گے، لیکن ایک روزہ میں نتائج ویسے نہیں ہیں، اس لیے قیادت تبدیل کی جا رہی ہے۔

بہرحال، چیمپئنز ٹرافی کے لیے ویسٹ انڈیز نے ایک مضبوط ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں کرس گیل، کیرون پولارڈ، سنیل نرائن، ڈیرن سیمی، مارلون سیموئلز، رامنریش سروان اور ڈیرن سیمی جیسے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ گو کہ اجتماعی حیثیت میں نہ سہی، لیکن انفرادی سطح پر بہت نام رکھتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز ٹورنامنٹ کے 'گروپ آف ڈیتھ' یعنی گروپ 'بی' میں ہوگا جہاں اس کا مقابلہ پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ 'کالی آندھی' اپنا پہلا مقابلہ 7 جون کو پاکستان کے خلاف اوول، لندن میں کھیلے گی۔

انگلستان کے ان میدانوں اور اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کی بڑی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ آخری مرتبہ جب انگلستان میں 2004ء میں چیمپئنز ٹرافی کھیلی گئی تھی تو ویسٹ انڈیز نے اوول میں کھیلے گئے فائنل میں میزبان انگلستان کو شکست دی تھی۔اس کےعلاوہ وہ1998ء اور 2006ء کے ٹورنامنٹس میں فائنل تک رسائی بھی حاصل کر چکا ہے۔ یوں بحیثیت مجموعی اس کا ٹورنامنٹ ریکارڈ بہت اچھا ہے اتنی مرتبہ تو آسٹریلیا بھی فائنل میں نہیں پہنچا جو اس وقت بھی دفاعی چیمپئن ہے اور رواں سال آخری ٹورنامنٹ جیت کر چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی ہیٹ ٹرک کرنا چاہتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کا اعلان کردہ 15 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

ڈیوین براوو (کپتان)، دنیش رام دین (نائب کپتان)، ٹینو بیسٹ، جانسن چارلس،جیسن ہولڈر، ڈیرن براوو، ڈیرن سیمی، ڈیوون اسمتھ، رامنریش سروان، روی رامپال، سنیل نرائن، کرس گیل، کیرون پولارڈ، کیمار روچ اور مارلون سیموئلز۔