گریم اسمتھ زخمی، چیمپئنز ٹرافی سے باہر

1 1,031

جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ کپتان گریم اسمتھ بائیں ٹخنے میں انجری کے باعث اگلے ماہ شروع ہونے والے اہم ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔

اسمتھ کی انجری پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران بگڑی (تصویر: AFP)
اسمتھ کی انجری پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران بگڑی (تصویر: AFP)

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے مطابق اسمتھ کچھ عرصے سے ٹخنے میں مسئلے کا شکار تھے اور پاکستان کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں یہ مسئلہ عود کر سامنے آیا۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیں سے ہاتھ سے کھیلنے والے اسمتھ لندن میں بدھ کو اسکین کے مراحل سے گزرے جن سے بائیں ٹخنے میں اسٹریس فریکچر ظاہر ہوا۔

جنوبی افریقہ کے ٹیم مینیجر محمد موسیٰ جی نے کہا کہ 32 سالہ اسمتھ کو سرجری کی ضرورت ہوگی اور وہ چھ ماہ تک کے لیے کرکٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔

موسیٰ جی نے کہا کہ بھرپور علاج اور فزیوتھراپی کے باوجود گزشتہ چند ماہ میں اسمتھ کے ٹخنے کی حالت بگڑتی گئی اور لندن میں ہونے والے حالیہ اسکین نے ظاہر کیا کہ یہ مسئلہ بڑھ کر اسٹریس فریکچر تک پہنچ چکا ہے۔

اگلے چھ ماہ میں جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ کپتان آرام اور بحالی کے مراحل سے گزریں گے اور اس دوران انہیں آپریشن بھی کروانا پڑے گا۔

مینیجر نے کہا کہ سلیکٹر جلد ہی اسمتھ کے متبادل کا اعلان کریں گے۔

دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اسمتھ نے کہا کہ سال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں نہ کھیل پانا ان کے لیے سخت صدمے کا باعث ہے۔ انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی ابراہم ڈی ولیئرز کی زیر قیادت اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔

آئی سی سی کے زیر انتظام ہونے والے ٹورنامنٹس میں 'چوکرز' کے طور پر معروف جنوبی افریقہ 6 جون کو بھارت کے خلاف کارڈف میں ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ کھیلے گا۔

ایونٹ 23 جون تک کارڈف کے علاوہ برمنگھم اور لندن کے تاریخی میدان دی اوول میں جاری رہے گا۔

چیمپئنز ٹرافی میں پروٹیز پاکستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے ہمراہ گروپ 'بی' میں ہوں گے۔ گروپ اے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور میزبان انگلستان پر مشتمل ہے۔