انتخابی نتائج سامنے، کھلاڑیوں کی ن لیگ کو مبارکبادیں

1 1,825

پاکستان میں انتخابات کے بعد اب نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اگلی حکومت کے لیے صورتحال کافی حد تک واضح ہو چکی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر جانب سے ان کو مبارکباد کے پیغامات دیے جا رہے ہیں، جن میں قومی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

نواز شریف کے دور حکومت سے وابستہ ایک یادگار تصویر، 1992ء میں پاکستان کی عالمی کپ فاتح ٹیم وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ
نواز شریف کے دور حکومت سے وابستہ ایک یادگار تصویر، 1992ء میں پاکستان کی عالمی کپ فاتح ٹیم وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ

پاکستان مسلم لیگ ن تاریخ میں تیسری مرتبہ برسر اقتدار آئی ہے اور 1992ء میں جب پاکستان کرکٹ نے عالمی کپ جیتا اس وقت بھی نواز شریف وزیراعظم پاکستان تھے۔ اس وقت کے کپتان عمران خان اور نواز شریف اب حریف ہیں، لیکن اس وقت ٹیم کی کئی یادگار تصاویر نواز شریف کے ساتھ ہیں جبکہ عمران نے اپنے اگلے خواب یعنی شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی نواز شریف سے رکھوایا تھا۔

بہرحال، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ن لیگ کی کامیابی کو ملک میں جمہوریت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ حکومت پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

طویل قامت تیز گیندباز محمد عرفان کا کہنا ہے کہ انہوں نے میاں نواز شریف کو انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ کرکٹ کے شیدائی کی حیثیت سے میاں صاحب کھیل کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

پاکستان کے اہم باؤلر اور دنیا کے نمبر ایک اسپنر سعید اجمل نے بھی مسلم لیگ ن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

نوجوان باؤلر جنید خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی کامیابی ملک کے لیے خوش آئند ہے اور وہ نئی جمہوری حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ملک میں کرکٹ سمیت کھیلوں کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔