سعید اجمل لسی پراٹھوں سے محروم لیکن پرعزم

2 1,066

اپنی اسپن گیندبازی سے دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچانے والے سعید اجمل سال کا سب سے اہم ٹورنامنٹ کھیلنے ملک سے روانہ تو ہو چکے ہیں، لیکن دل شکستگی کے ساتھ، کیونکہ بڑھتے وزن کے باعث انہیں ان تمام کھانوں سے روک دیا گیا ہے، جو ان کے من پسند کھابے ہیں۔ اس کے باوجود ان کے عزم بلند ہیں اور وہ چیمپئنز ٹرافی 2013ء میں بھارت کے خلاف میچ میں فتح کے لیےپرامید ہیں۔

سعید اجمل نے نئے ڈائٹ پلان کے ذریعے اپنا وزن پانچ کلو تک گھٹایا ہے (تصویر: AFP)
سعید اجمل نے نئے ڈائٹ پلان کے ذریعے اپنا وزن پانچ کلو تک گھٹایا ہے (تصویر: AFP)

پہلے ذکر کرتے چلیں کہ یہ کھانے پینے کا کیا چکر ہے؟ دراصل قومی کرکٹ ٹیم کے ٹرینر نے سعید اجمل اپنا وزن کم کرنے کے لیے جو ڈائٹ پلان تجویز کر رکھا ہے، اس میں پراٹھوں،حلوہ پوری، لسی اور روغنی غذاؤں کی کوئی گنجائش نہیں۔ البتہ سعید اجمل نے زبان کےچٹخاروں سے محرومی کے باوجود پوری تندہی سے اس ڈائٹ پلان پر عمل کیا اور حیران کن طور پر پانچ کلو وزن کم کیا ہے۔ وزن میں اس کمی کے بعد سعید اجمل نے بتایا کہ وہ ٹرینر کے پلان پر عمل کر رہے تھے۔

سعید اجمل کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ انہیں کھانے کھاتے ہوئے سخت بیزاری کا احساس ہوتا اور وہ بڑبڑاتے بھی تھے کہ یہ میں کیا کھا رہا ہوں؟ نہ لسی، نہ پراٹھا، یہ بھی کوئی زندگی ہے۔ لیکن انہوں نے پھر بھی اس منصوبے پر عملدرآمد کیا اور اب پہلے سے کہیں زیادہ فٹ ہیں۔

اس وقت قومی ٹیم اسکاٹ لینڈ میں موجود ہے اور یہاں دو ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد آئرلینڈ روانہ ہوگی جہاں مزید دو ایک روزہ کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد ٹیم کا سب سے بڑا امتحان انگلستان میں ہوگا جہاں 6 جون سے چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہو رہا ہے۔ پاکستان ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں روایتی حریف بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا۔

سعید اجمل کا کہنا ہے کہ پاک-بھارت مقابلہ اس ایونٹ کا منی-فائنل ہوگا اور ہم روایتی حریفوں کو زیر کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محمد عرفان اور جنید خان جیسے باؤلرز کی خدمات حاصل ہیں، جو انگلش کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دی ہے اور اس تاریخی فتح سے ٹیم کا مورال بہت بلند ہے، ہم کوشش کریں گے کہ بھارت کے خلاف فتوحات کے اس تسلسل کو برقرار رکھیں۔

ٹورنامنٹ کے دوران پاک-بھارت مقابلہ 15 جون کو برمنگھم میں ہوگا۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہیں اور برمنگھم میں ہونے والے مقابلے میں دباؤ کو برداشت کرنے والی ٹیم کامیابی سمیٹے گی۔ ہمیں حالیہ فتوحات کی بنیاد پر نفسیاتی برتری حاصل ہے اور ہم چاہیں گے کہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی سمیٹیں۔