[ریکارڈز] اینڈرسن 300 وکٹیں لینے والے چوتھے انگلش باؤلر

2 1,085

انگلستان کے باؤلر جیمز اینڈرسن ملکی تاریخ کے چوتھے گیندباز بن گئے ہیں، جنہیں ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔

اینڈرسن 300 ویں وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی سے سرشار (تصویر: AFP)
اینڈرسن 300 ویں وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی سے سرشار (تصویر: AFP)

نیوزی لینڈ کے خلاف لارڈز میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں اس وقت اپنا 300 واں شکار حاصل کیا جب حریف بلے باز پیٹر فلٹن دوسری سلپ میں گریم سوان کو کیچ دے کر چلتے بنے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مجموعی طور پر 26 کھلاڑیوں نے 300 یا اس سے زیادہ وکٹیں لے رکھی ہیں جن میں سری لنکا کے متیاہ مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست جبکہ آسٹریلیا کے شین وارن 708 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

انگلستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں عظیم آل راؤنڈر این بوتھم کے پاس ہیں، جنہوں نے 1977ء سے 1992ء پر محیط کیریئر میں 383 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ باب ولس اور فریڈ ٹرومین ہی وہ کھلاڑی ہیں جو اب تک 300 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر پائے تھے، اب ان میں جمی اینڈرسن کا بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

30 سالہ اینڈرسن نے اپنے کیریئر کا آغاز مئی 2003ء میں لارڈز کے اسی میدان پر زمبابوے کے خلاف کیا تھا، اور 73 رنز دے کر 5 وکٹوں کی شاندار کارکردگی دکھائی تھی، اور اب نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ ان کا 81 واں مقابلہ ہے۔ انہوں نے ان مقابلوں میں 30.26 کے اوسط سے 303 وکٹيں حاصل کی ہیں اور اننگز میں 43 رنز دے کر 7 اور میچ میں 71 رنز دے کر 11 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگیاں ہیں۔ انہوں نے 13 مرتبہ 5 اور ایک مرتبہ 10 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔

کیریئر کے ابتدائی چار سال تک ایک اوسط باؤلر رہنے کے بعد اب اینڈرسن بہترین مرحلے میں چل رہے ہیں۔ 2010ء کے آغاز سے اب تک وہ 37 ٹیسٹ مقابلوں میں 26.12 کے بہترین اوسط سے 153 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اگر ان کی یہ کارکردگی جاری رہی، خصوصاً ہوم گراؤنڈ پر جہاں وہ بہت موثر ثابت ہوتے ہیں، تو عین ممکن ہے کہ وہ این بوتھم کا سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا قومی ریکارڈ بھی توڑ ڈالیں۔

جمی اینڈرسن کے کیریئر پر ایک نظر اس انفوگرافکس میں ڈالی گئی ہے جو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اوپٹا نے تیار کیا ہے، ملاحظہ کیجیے اور آخر میں ہم انگلستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ان چاروں گیندبازوں کے اعدادوشمار پر مشتمل ایک ٹیبل بھی پیش کر رہے ہیں، اس پر بھی نظر ضرور دوڑائیے گا۔

#JIMMY300

انگلستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر

کھلاڑی عہد مقابلے وکٹیں اوسط بہترین بالنگ فی اننگز
این بوتھم 1977ء تا 1992ء 102 383 28.40 8/34
باب ولس 1971ء تا 1984ء 90 325 25.20 8/43
فریڈ ٹرومین 1952ء تا 1965ء 127 307 21.57 8/31
جیمز اینڈرسن 2003ء تا حال 81* 303 30.26 7/43