[ریکارڈز] محمد حفیظ کی 100 ون ڈے وکٹیں مکمل، پاکستان کے 18 ویں باؤلر

1 1,175

پاکستان کے محمد حفیظ نے آج آئرلینڈ کے خلا ف دوسرے ون ڈے میں اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔ آئرلینڈ کی اننگز کے مجموعی طور پر 44 ویں اور اپنے کوٹے کے آخری اوور میں حفیظ نے کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے جیمز شینن کو بولڈ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔

محمد حفیظ سے قبل 17 پاکستانی باؤلرز 100 سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکےہیں (تصویر: AFP)
محمد حفیظ سے قبل 17 پاکستانی باؤلرز 100 سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکےہیں (تصویر: AFP)

محمد حفیظ پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے 18 ویں باؤلر ہیں جنہیں 100 یا زائد وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز ملا ہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے 356 میچز پر محیط اپنے کیریئر میں 502 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وقار یونس 416 وکٹوں کے ساتھ ان سے پیچھے ہیں۔

حفیظ نے 100 وکٹیں 118 مقابلوں میں حاصل کی ہیں۔ ان کا اوسط تقریباً 33 ہے جبکہ فی اوور رن دینے کا اوسط پر 4 سے زیادہ ہے۔ ان کی بہترین باؤلنگ 17 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے جو انہوں نے ستمبر 2003ء میں ملتان میں بنگلہ دیش کے خلاف دکھائی۔ گزشتہ دو سالوں میں حفیظ نے اپنی باؤلنگ میں کافی بہتری پیدا کی ہے اور عالمی درجہ بندی میں اول نمبر تک پہنچے جبکہ بلے بازی میں بھی یکساں کارکردگی کے باعث وہ آل راؤنڈر میں اب بھی نمبر ایک ہیں۔ اس وقت بھی محمد حفیظ ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے بہترین باؤلر ہیں۔

ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے پاکستان کی جانب سے 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے تمام گیندبازوں کی فہرست پیش کر رہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی۔

سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی باؤلرز

باؤلر مقابلے وکٹیں بہترین باؤلنگ اوسط
وسیم اکرم 356 502 5/15 23.52
وقار یونس 262 416 7/36 23.84
شاہد آفریدی 349 346 6/38 34.32
ثقلین مشتاق 169 288 5/20 21.78
عبد الرزاق 261 268 6/35 31.53
شعیب اختر 158 241 6/16 24.70
عاقب جاوید 163 182 7/37 31.43
عمران خان 175 182 6/14 26.61
مشتاق احمد 144 161 5/36 33.29
عمر گل 116 161 6/42 28.59
شعیب ملک 213 140 4/19 36.43
عبد القادر 104 132 5/44 26.16
سعید اجمل 81 128 5/24 22.91
اظہر محمود 143 123 6/18 39.13
محمد سمیع 85 121 5/10 28.52
مدثر نذر 122 111 5/28 30.91
رانا نوید الحسن 74 110 6/27 29.28
محمد حفیظ 118 100 3/17 32.98