[ریکارڈز] دو ممالک کی جانب سے سنچریاں بنانے والے بلے باز

0 1,034

آئرلینڈ کے ایڈ جوائس نے پاکستان کے خلاف دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں 116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرایک انوکھا ریکارڈ بنایا۔ وہ تاریخ کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے دو مختلف ممالک کی جانب سے ایک روزہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ جوائس نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز انگلستان سے کیا تھا لیکن پھر اپنے آبائی ملک آئرلینڈ منتقل ہو گئے اور پھر ابھرتی ہوئی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے لگے۔

ایڈ جوائس انگلستان کے ایون مورگن کے بعد دوسرے بلے باز ہیں جنہیں دو مختلف ملکوں کی جانب سے سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے (تصویر: AFP)
ایڈ جوائس انگلستان کے ایون مورگن کے بعد دوسرے بلے باز ہیں جنہیں دو مختلف ملکوں کی جانب سے سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے (تصویر: AFP)

کلونٹارف، ڈبلن میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 132 گیندوں پر 116 رنز کی خوبصورت اننگز تراشی، جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کی اسی اننگز کی بدولت آئرلینڈ کا اسکور 229 رنز کے قابل عزت مجموعے تک پہنچا۔

جوائس نے اپنی پہلی ایک روزہ سنچری فروری 2007ء میں انگلستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بنائی تھی جب انہوں نے اوپنر کی حیثیت سے میدان میں قدم رکھا اور گلین میک گرا، شان ٹیٹ اور ناتھن بریکن جیسے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے خلاف 142 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔ ان کی اسی اننگز کی بدولت انگلستان نے آسٹریلیا پر 92 رنز کے واضح مارجن سے فتح پائی۔ جوائس اس میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ان سے پہلے انگلستان کے ایون مورگن ہی واحد کھلاڑی تھے جنہوں دو مختلف ممالک کی جانب سے سنچری بنانے کی سعادت ملی تھی۔ مورگن نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کی پہلی سنچری آئرلینڈ کی جانب سے کینیڈا کے خلاف فروری 2007ء میں آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ون کے ایک مقابلے میں بنائی تھی جب انہوں نے 106 گیندوں پر 115 رنز بنائے لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر پائے اور کینیڈا اشیشی بگائی کی سنچری کی وجہ سے مقابلہ 6 وکٹوں سے جیت گیا۔ مورگن کے ایک روزہ کیریئر کی مزید تین سنچریاں انگلستان کی جانب سے بنیں۔ انہوں نے یہ منفرد ریکارڈ مارچ 2010ء میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں 110 رنز بنا کر حاصل کیا۔

یوں حیران کن طور پر یہ ریکارڈ دو ایسے کھلاڑیوں کے درمیان ہے جن کا تعلق آئرلینڈ سے ہے۔ بس فرق صرف اتنا ہے کہ جوائس نے کیریئر کا آغاز انگلستان سے کیا اور پھر آبائی وطن منتقل ہوئے جبکہ مورگن نے آغاز تو آئرلینڈ سے کیا لیکن اب انگلستان کے مضبوط دستے کا حصہ ہیں۔