پاکستان کی جانب سے آئرلینڈ کو ٹیسٹ درجہ دینے کی حمایت

3 1,118

بنگلہ دیش کو ٹیسٹ درجہ دلانے اور افغانستان کو عالمی کرکٹ میں اعلیٰ کردار دینے کے لیے سرگرم کردار ادا کرنے والے پاکستان نے آئرلینڈ کو ٹیسٹ درجہ دینے کی حمایت کر دی ہے۔

آئرلینڈ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان اور انگلستان کے خلاف یادگار فتوحات حاصل کر چکا ہے، اور گزشتہ روز سیریز جیتنے کے قریب تھا لیکن پاکستان کو تجربہ کام آ گیا (تصویر: AFP)
آئرلینڈ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان اور انگلستان کے خلاف یادگار فتوحات حاصل کر چکا ہے، اور گزشتہ روز سیریز جیتنے کے قریب تھا لیکن پاکستان کو تجربہ کام آ گیا (تصویر: AFP)

آئرلینڈ کے خلاف دو ون ڈے مقابلوں میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ فیصلہ تو بہرحال آئی سی سی نے کرنا ہے لیکن میرے خیال میں آئرلینڈ اب ایک بہتر ٹیم ہے اور آئی سی سی کو ان کی درخواست پر غور کرنا چاہیے۔ ہمیں دیکھ لیں ہم نے یہاں ڈبلن میں سخت جدوجہد کے بعد سیریز جیتی ہے۔ آئرلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ بھی بہت اچھی ہے اور یہ دنیا میں کہیں بھی اچھی کارکردگی دکھا سکتی ہے ۔مصباح الحق نے کہا کہ بیرون ملک ان کی باؤلنگ لائن اپ کمزور ہو سکتی ہے لیکن اس کے باوجود وہ ایک اچھی ٹیم ہیں۔

پاک-آئرلینڈ سیریز کا پہلا مقابلہ سخت معرکہ آرائی کے بعد برابر ہوا جبکہ دوسرے مقابلے میں 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان 5 کھلاڑیوں کے 60 رنز پر آؤٹ ہو جانے کے بعد آئرلینڈ سیریز جیتنے کے قریب تھا لیکن وکٹ کیپر کامران اکمل اور وہاب ریاض کے درمیان 93 رنز کی شراکت داری نے ان کے خواب چکناچور کر دیے۔

آئرلینڈ ایک روزہ اسٹیٹس کا حامل ہے اور ماضی میں پاکستان اور انگلستان کے خلاف دو عالمی کپ ٹورنامنٹس میں دو یادگار فتوحات سمیٹ چکا ہے اور کئی سالوں سے بہترین ایسوسی ایٹ ٹیموں میں شمار ہوتا ہے۔ دیگر نوآموز ممالک کے برخلاف آئرلینڈ کے کھلاڑی انگلش کاؤنٹی میں دنیا کے مایہ ناز کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔