عالمی کپ 2019ء کی میزبانی انگلستان کرے گا

0 1,054

عالمی کپ 2019ء کی میزبانی کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ جون 2019ء میں انگلستان میں 10 مقامات پر کھیلا جائے گا اور اس میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

انگلستان 1975ء میں پہلے عالمی کپ کے علاوہ تین عالمی کپ ٹورنامنٹس کی میزبانی کر چکا ہے (تصویر: Getty Images)
انگلستان 1975ء میں پہلے عالمی کپ کے علاوہ تین عالمی کپ ٹورنامنٹس کی میزبانی کر چکا ہے (تصویر: Getty Images)

اولین تین عالمی کپ مقابلوں کی میزبانی کے بعد 1999ء میں شاندار ٹورنامنٹ منعقد کرنے والے انگلستان اب ایک اور عظیم الشان عالمی کپ کے لیے تیاریوں کا آغاز کرے گا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی اور ای سی بی کے درمیان معاہدے پر دستخط 26 مئی کو دبئی میں ہوئے۔ ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ کولیئر کے مطابق اس معاہدے کے بعد اب ای سی بی کی عالمی کپ کے لیے تیاریاں مقابلوں کی میزبانی کے خواہاں مقامات کے ساتھ اگلے مرحلے میں داخل ہو جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2013ء کی آرگنائزنگ ٹیم، جس کی قیادت ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلوردی کر رہے ہیں، تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

انگلستان 1975ء، 1979ء، 1983ء اور 1999ء کے عالمی کپ، 2004ء کی چیمپئنز ٹرافی اور 2009ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسے عالمی ٹورنامنٹس کی میزبانی کر چکا ہے اور اگلے ماہ کی 6 تاریخ سے یہاں چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے کا آخری ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا، جس میں دنیائے کرکٹ کی 8 بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 23 جون کو ٹورنامنٹ کے اختتام کے ساتھ ہی عالمی کپ 2019ء کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔ امکان ہے کہ عالمی کپ 2019ء کے فائنل کی میزبانی ایک مرتبہ پھر لارڈز کو دی جائے، جو پانچویں مرتبہ یہ شرف حاصل کر سکتا ہے۔