[ریکارڈز] مارٹن گپٹل کا نام عظیم بلے بازوں کی فہرست میں

1 1,085

ایک کیچ چھوڑنا اتنا مہنگا بھی پڑ سکتاہے، یہ جوناتھن ٹراٹ نے کبھی سوچا بھی نہ ہوگا۔ انہوں نے جس وقت مارٹن گپٹل کو کیچ چھوڑا اس وقت وہ محض 13 رنز پر کھیل رہے تھے اور اس کے بعد ریکارڈ توڑ و ناقابل شکست 189 رنز کی تاریخی اننگز!! یعنی کہ ایک طرف بے پایاں مسرت اور دوسری طرف کف افسوس۔

گپٹل کی یہ باری انگلش سرزمین پر کھیلی گئی سب سے طویل اننگز تھی (تصویر: Getty Images)
گپٹل کی یہ باری انگلش سرزمین پر کھیلی گئی سب سے طویل اننگز تھی (تصویر: Getty Images)

انگلستان کے خلاف ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ مقابلے میں نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے کشتوں کے پشتے لگا دیے۔ گزشتہ میچ میں سنچری جڑ کر نیوزی لینڈ کو فتح سے ہمکنار کرنے والے اس بلے باز نے یہاں بھی انگلش باؤلرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور نہ صرف نیوزی لینڈ کے کسی بھی بلے باز کی جانب سے طویل ترین انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ توڑا بلکہ انگلش سرزمین پر سب سے بڑی باری کے ریکارڈ کو بھی برابر کر ڈالا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے طویل ایک روزہ انفرادی اننگز کا ریکارڈ ان سے قبل لو ونسنٹ کے پاس تھا جنہوں نے اگست 2005ء میں زمبابوے کے خلاف 172 رنز بنائے تھے۔ جبکہ عظیم ویسٹ انڈین بلے باز ویوین رچرڈز نے 1984ء میں اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر کے مقام پر انگلستان ہی کے خلاف 189 رنز بنا کر انگلش سرزمین پر طویل ترین اننگز کھیلی تھی۔ یوں آج مارٹن گپٹل کا نام اس عظیم بلے باز کے ساتھ جڑ گیا ہے۔

گپٹل کی 189 رنز کی شاندار اننگز صرف 155 گیندوں پر محیط تھی۔ جس میں انہوں نے 19 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ چوکوں کی یہ تعداد کسی بھی نیوزی لینڈ کے بلے باز کی جانب سے دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کسی اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا ریکارڈ ناتھن آسٹل اور اسٹیفن فلیمنگ کے بعد ہے جنہوں نے ایک باری میں 21، 21 چوکے لگا رکھے ہیں۔

میچ میں گپٹل کی تین ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ زبردست شراکت داریوں کا ہی نتیجہ تھا کہ نیوزی لینڈ کا اسکور ناقابل یقین طور پر 359 تک پہنچا۔ انہوں نے دوسری وکٹ پر کین ولیم سن کے ساتھ 120 رنز بنائے اور تیسری وکٹ پر انہوں نے روز ٹیلر کے ساتھ مل کر 109 رنز کا اضافہ کیا جبکہ آخر میں تو تباہی ہی مچ گئی جب انہوں نے میک کولم کے ساتھ مل کر آخری 50 گیندوں پر 118 رنز کی فیصلہ کن شراکت داری بنائی۔

جب آخری اوورز میں گپٹل برینڈن میک کولم کے ساتھ مل کر انگلش باؤلنگ لائن کی دھجیاں بکھیر رہے تھے، جو بارہا کف افسوس ملنے والے فیلڈر ٹراٹ ہی ہوں گے۔ جن کی اک لحظے کی غلطی کا نقصان یہ ہوا کہ آخری 10 اوورز میں 132 رنز بنے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سنچری شراکت داری صرف 45 گیندوں پر مکمل ہوئی۔

واضح رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے طویل اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھارت کے وریندر سہواگ کے پاس ہے جنہوں نے دسمبر 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اندور میں 219 رنز بنائے تھے۔

ویسے اب گپٹل کی نظریں ایک اور ریکارڈ پر مرکوز ہوں گی یعنی مسلسل تین ون ڈے میچز میں سنچریاں جڑنے پر۔ یہ انوکھا ریکارڈ پاکستان کے ظہیر عباس اور سعید انور اور جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور ابراہم ڈی ولیئرز کے پاس ہے۔ اگر گپٹل 5 جون کو ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ایک اور سنچری جڑنے میں کامیاب ہو گئے تو ان کا نام ایک اور شاندار فہرست میں شامل ہو جائے گا۔

ایک روزہ کرکٹ کی طویل ترین انفرادی باریاں

کھلاڑی رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ میدان تاریخ
وریندر سہواگ بھارت 219 149 25 7 ویسٹ انڈیز اندور 8 دسمبر 2011ء
سچن تنڈولکر بھارت 200* 147 25 3 جنوبی افریقہ گوالیار 24 فروری 2010ء
چارلس کوونٹری زمبابوے 194* 156 16 7 بنگلہ دیش بلاوایو 16 اگست 2009ء
سعید انور پاکستان 194 146 22 5 بھارت چنئی 21 مئی 1997ء
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 189* 170 21 5 انگلستان مانچسٹر 31 مئی 1984ء
مارٹن گپٹل نیوزی لینڈ 189* 155 19 2 انگلستان ساؤتھمپٹن 2 جون 2013ء
سنتھ جے سوریا سری لنکا 189 161 21 4 بھارت شارجہ 29 اکتوبر 2000ء
گیری کرسٹن جنوبی افریقہ 188* 159 13 4 متحدہ عرب امارات راولپنڈی 16 فروری 1996ء
سچن تنڈولکر بھارت 186* 150 20 3 نیوزی لینڈ حیدرآباد (بھارت) 8 نومبر 1999ء
شین واٹسن آسٹریلیا 185* 96 15 15 بنگلہ دیش ڈھاکہ 11 اپریل 2011ء
مہندر سنگھ دھونی بھارت 183* 145 15 10 سری لنکا جے پور 31 اکتوبر 2005ء