کرکٹ روح کے منافی حرکت، رام دین دھر لیے گئے

0 1,034

ویسٹ انڈیز پاکستان کے خلاف اہم ترین میچ جیت تو گیا، لیکن کرکٹ کی روح کے منافی ایک حرکت ان کے وکٹ کیپر دنیش رام دین کو مہنگی پڑسکتی ہے۔

رام دین پر 50 سے 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور/یا زیادہ سے زیادہ دو میچز کی پابندی عائد ہو سکتی ہے (تصویر: AFP)
رام دین پر 50 سے 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور/یا زیادہ سے زیادہ دو میچز کی پابندی عائد ہو سکتی ہے (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے اعلامیہ کے مطابق دنیش رام دن کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کے خلاف میچ کے دوران ایک کیچ لینے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بارے میں ری پلے سے ثابت ہوا کہ انہوں نے پکڑا نہیں تھا۔

پاکستانی اننگز کے دوران جب کپتان مصباح الحق صفر پر تھے تو ڈیوین براوو کی ایک گیند بلے کا اندرونی کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر رام دین کی جانب گئی جنہوں نے اپنے بائیں جانب جست لگا کر گیند کو پکڑ لیا۔ اپیل بلند ہوئی اور امپائر نے بھی انگلی اٹھا دی، لیکن دوسرے امپائر کی توجہ کے بعد مصباح کو پویلین جانے سے روکا گیا اور تیسرے امپائر سے رجوع کیا گیا۔ ری پلے سے واضح ہوا کہ کیچ پکڑنے کے لیے جست لگانے کے بعد جب دنیش کھڑے ہونے لگے تو انہوں نے گیند کو زمین سے اٹھایا۔ یہی وجہ ہے کہ رام دین کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.2.11 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے کہ انہوں نے کھیل کی روح کے منافی حرکت کی ہے۔

ان کے خلاف یہ شکایت آن فیلڈ امپائروں اسٹیو ڈیوس اور نائجل لونگ، تیسرے امپائر ٹونی ہل اور چوتھے امپائر رچرڈ کیٹل بورو نے درج کرائی۔ رام دین نے اپنے خلاف ان الزامات کو مسترد کیا ہے اور اس لیے سوموار کو لندن میں معاملے کی سماعت ہوگی۔

اگر رام دین پر جرم ثابت ہوگیا تو انہیں 50 سے 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور/یا دو ون ڈے میچز تک کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ماضی میں پاکستانی کپتان راشد لطیف بنگلہ دیش کے خلاف ایک ایسے ہی کیچ کے باعث پانچ میچز کی پابندیوں کا شکار ہو چکے ہیں۔