مالنگا بمقابلہ بلیک کیپس، نیوزی لینڈ ایک وکٹ سے فاتح

0 1,063

بلے بازوں کی ناکامی اور باؤلرز کی شاندار کارکردگی، لیکن ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکامی، کچھ جانا پہچانا منظر لگتا ہے لیکن چیمپئنز ٹرافی کا سری لنکا بمقابلہ نیوزی لینڈ مقابلہ پاک-ویسٹ انڈیز میچ سے کہیں زیادہ دلچسپ اور سنسنی خیز تھا اور فتح محض ایک وکٹ سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ لاستھ مالنگا کا جادو کارڈف میں سر چڑھ کر بولا، بس نیوزی لینڈ کسی طرح بچ ہی گیا، ورنہ یارکرز کی گولہ باری کے سامنے وہ تقریباً ڈھیر ہو ہی گیا تھا۔

میچ کی پہلی ہی گیند پر برینڈن میک کولم کا سلپ میں زبردست کیچ (تصویر: AFP)
میچ کی پہلی ہی گیند پر برینڈن میک کولم کا سلپ میں زبردست کیچ (تصویر: AFP)

سری لنکا کے لیے سب سے تشویشناک امر اس کی بلے بازی کی ناکامی تھی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کے بعد پہلی ہی گیند پر برینڈن میک کولم کے 'سپر مین کیچ' نے اسے نقصان سے دوچار کیا۔ اس کے بعد گویا سلسلہ چل پڑا ۔ اسکور 27 رنز پر پہنچا تو تلکارتنے دلشان مچل میک کلیناہن کی ایک خوبصورت اندر آتی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، کچھ ہی دیر بعد مہیلا جے وردھنے ڈینیل ویٹوری کا شکار بنے۔ ویٹوری دو سال سے زیادہ کے عرصے کے بعد کوئی ون ڈے کھیل رہے تھے اور انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کو سب سے بڑی وکٹ دلائی۔ اگلے اوور میں دنیش چندیمال کائل ملز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے تو اسکور 34 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ تک پہنچ گیا۔

اب موجودہ و سابق کپتان یعنی اینجلو میتھیوز اور کمار سنگاکارا کریز پر تھے۔ اگلے 11 سے زائد اوورز تک وہ بلیک کیپس گیندبازوں کا دباؤ برداشت کرنے میں کامیاب تو رہے لیکن اس کو واپس دھکیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ میتھیوز کلیناہن کی ایک گیند کو گلانس کرنے کی کوشش میں لیگ اسٹمپ گنوا بیٹھے۔ اس کہانی کے بعد بس ایک ہی کسر رہ جاتی تھی، وہ تھریمانے کے رن آؤٹ نے پوری کر دی۔ سنگاکارا کا ساتھ دینے کے لیے آخری مستند بلے باز تھیسارا پیریرا تھے، جنہیں ذمہ داری کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت تھی اور ایک ایسے موقع پر جب وہ اسکور کو 118 تک لے جانے میں کامیاب بھی ہو گئے، پیریرا نے اپنے ہاتھوں سے وکٹ گنوا دی۔ آگے پڑنے والی گیند دیکھ کر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اسے اٹھا کر کھیل دیا، نتیجہ مڈ آن پر ویٹوری کے ہاتھوں میں کیچ۔ اس کے بعد سنگاکارا آؤٹ ہوئے۔ ایک بہت لو اسکورنگ میچ میں ان کے 68 رنز بہت قیمتی تھے اور اگر وہ مزید کچھ دیر کھڑے رہتے تو عین ممکن تھا سری لنکا 170 سے بھی آگے نکل جاتا کیونکہ اوورز ابھی کافی باقی تھے۔ لیکن ایک ہی اوور میں سنگاکارا اور پھر شامنڈا ایرنگا اور اگلے اوور میں مالنگا کے آؤٹ نے سری لنکن اننگز کی بساط 38 ویں اوور ہی میں لپیٹ دی۔

مچل میک کلیناہن نے بہت عمدہ باؤلنگ کی اور 4 لنکن بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو، دو کھلاڑیوں کی وکٹیں ناتھن میک کولم اور کائل ملز نے بھی حاصل کیں۔ ایک وکٹ ڈینیل ویٹوری کو ملی۔

محض 139 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ کے لیے بہت آسان سمجھا جا رہا تھا۔ وجہ غالباً یہ تھی کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے نیوزی لینڈ انگلستان میں موجود ہے اور یہاں کی کنڈیشنز سے کافی حد تک مانوس ہو چکا ہے۔ اس کے بلے بازوں نے حالیہ ایک روزہ سیریز میں انگلش باؤلرز کے چھکے چھڑائے تھے ۔ ابتداءً لگ بھی ایسا ہی رہا تھا۔ 9 اوورز میں 48 رنز پر نیوزی لینڈ کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ تھا جب لاستھ مالنگا نے اپنا پہلا کاری وار لگایا۔ انہوں نے کین ولیم سن کو ایک دھیمی یارکر پھینکنے کی کوشش کی، گیند کو اپنے جسم کی طرف آتا دیکھ کر ولیم سن یکدم گھبراگئے اور جب تک کہ اسے سمجھ پاتے، گیند عین وکٹوں کے سامنے ان کے پیڈ سے ٹکرا گئی۔ امپائر کی انگلی فضا میں بلند ہوئی اور ساتھ ہی سری لنکا کے حوصلوں کو بھی مہمیز ملی۔ ولیم سن جاتے جاتے واحد ریویو بھی ضایع کرا گئے۔

اگلے اوور میں رنگانا ہیراتھ نے روز ٹیلر کو ایل بی ڈبلیو کر کے دیوار میں ایک دراڑ ڈالی، جبکہ ایرنگا نے دوسرے اینڈ سے حالیہ چند مقابلوں میں شاندار بلے بازی کرنے والے مارٹن گپٹل کو سلپ میں کیچ کرا دیا۔ مہیلا جے وردھنے نے پہلی سلپ میں ان کا بہت خوبصورت کیچ تھاما اور میدان میں جشن کا سماں پیدا ہو گیا۔ اسکور بورڈ پر ہندسے تیزی سے تبدیل ہوئے، 48 پر ایک سے 49 پر چار آؤٹ!

مالنگاااااا!!!! دوچار ہاتھ جب کہ لب بام رہ گیا! (تصویر: Getty Images)
مالنگاااااا!!!! دوچار ہاتھ جب کہ لب بام رہ گیا! (تصویر: Getty Images)

اب سری لنکا نے دباؤ قائم کرنا شروع کر دیا، یہاں تک کہ تلکارتنے دلشان بھی ایک اوور میں کئی کئی مرتبہ اپیل کر رہے تھے۔ نتیجہ انہیں وکٹ مل ہی گئی جب فرینکلن وکٹوں کے سامنے دھرے گئے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے کپتان مالنگا کو دوبارہ بلوایا جنہوں نے ویٹوری کی وکٹ گرا کر نیوزی لینڈ کو خطرناک پوزیشن پر لاکھڑا کر دیا۔ 80 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ۔ اب آسرہ صرف میک کولم برادران کا تھا، اور حریف کپتان نے مالنگا کو ہٹا کر دونوں کو سکھ کا سانس بھی فراہم کیا یہاں تک کہ انہوں نے اسکور میں 35 رنز کا قیمتی اضافہ تک کر ڈالا۔ جب لاستھ مالنگا واپس آئے تو نیوزی لینڈ کو صرف 28 رنز کی ضرورت تھی لیکن اس سنگین صورتحال میں بھی انہوں نے آتے ہی تہلکہ مچا دیا۔ برینڈن میک کولم مالنگا کی ایک بہت ہی خوبصورت دھیمی یارکر پر کلین بولڈ ہوئے۔ مالنگا نے اسی اسپیل میں ناتھن میک کولم کو بھی ایل بی ڈبلیو کر دیا، جنہوں نے 32 قیمتی رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مسئلہ تب کھڑا ہوا جب فتح سے محض 5 رنز کے فاصلے پر کائل ملز رن آؤٹ ہو گئے۔ اب سری لنکا کو صرف ایک ایسی گیند کی ضرورت تھی جو ساؤتھی یا میک کلیناہن کو ٹھکانے لگا دے۔ اور ایک ایسی گیند آئی بھی، ساؤتھی ایک یارکر لینتھ پر آنے والی گیند کو کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے کہ گیند ان کے پاؤں سے ٹکرا کر پھر بلے کو لگی۔ فلک شگاف اپیل بلند ہوئی لیکن امپائر ٹس سے مس نہ ہوئے۔ مالنگا جان لڑانے کے باوجود سری لنکا کو نہ جتوا سکے اور 37 ویں اوور کی تیسری گیند پر نیوزی لینڈ ہدف تک پہنچ گیا۔
مالنگا نے 10 اوورز میں صرف 34 رنز دیے اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایرنگا کو دو، ہیراتھ اور دلشان کو ایک، ایک وکٹ ملی۔ سری لنکا کو شاید ایک فیصلے کی قیمت چکانی پڑی کہ اس نے تجربہ نووان کولاسیکرا کی جگہ شامنڈا ایرنگا کو کھلانے کا فیصلہ کیا۔ گوکہ انہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں لیکن اگر کولاسیکرا ایک اینڈ سے مالنگا کا ساتھ دینے کے لیے موجود ہوتے تو شاید آج کے میچ کی کہانی کچھ مختلف ہوتی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ حریف کے جبڑے سے فتح چھین لینے کے بعد اب بہتر رن ریٹ کے باعث گروپ 'اے' میں سرفہرست آ گیا ہے۔ اس گروپ میں اگلا مقابلہ 12 جون کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔ آسٹریلیا گزشتہ میچ میں انگلستان کے ہاتھوں بری طرح ہار چکا ہے اور اس کے لیے اپنے دفاع کے اعزاز کی خاطر یہ مقابلہ جیتنا ضروری ہے ورنہ اس کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے کے امکانات تقریباً معدوم ہو جائیں گے۔

نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا

چیمپئنز ٹرافی 2013ء، چوتھا میچ

9 جون 2013ء

بمقام: صوفیہ گارڈنز، کارڈف

نتیجہ: نیوزی لینڈ 1 وکٹ سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: ناتھن میک کولم

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
کوشال پیریرا ک برینڈن میک کولم ب ملز 0 1 0 0
تلکارتنے دلشان ب میک کلیناہن 20 18 3 0
کمار سنگاکارا ک ولیم سن ب ناتھن میک کولم 68 87 8 0
مہیلا جے وردھنے ایل بی ڈبلیو ب ویٹوری 4 8 0 0
دنیش چندیمال ک رونکی ب ملز 0 4 0 0
اینجلو میتھیوز ب میک کلیناہن 9 34 1 0
لاہیرو تھریمانے رن آؤٹ 9 28 1 0
تھیسارا پیریرا ک ویٹوری ب میک کلیناہن 15 29 2 0
رنگانا ہیراتھ ناٹ آؤٹ 8 11 1 0
شامنڈا ایرنگا ک ملز ب ناتھن میک کولم 0 4 0 0
لاستھ مالنگا ک ٹیلر ب میک کلیناہن 2 3 0 0
فاضل رنز ل ب 1، و 2 3
مجموعہ 37.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 138

 

نیوزی لینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کائل ملز 6 0 14 2
مچل میک کلیناہن 8.5 0 43 4
ڈینیل ویٹوری 6 1 16 1
ٹم ساؤتھی 7 1 25 0
ناتھن میک کولم 8 0 23 2
کین ولیم سن 2 0 16 0

 

نیوزی لینڈہدف: 139 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
مارٹن گپٹل ک جے وردھنے ب ایرنگا 25 24 4 0
لیوک رونکی ک سنگاکارا ب ایرنگا 7 11 1 0
کین ولیم سن ایل بی ڈبلیو ب مالنگا 16 22 1 0
روز ٹیلر ایل بی ڈبلیو ب ہیراتھ 0 4 0 0
جیمز فرینکلن ایل بی ڈبلیو ب دلشان 6 17 1 0
برینڈن میک کولم ب مالنگا 18 49 1 0
ڈینیل ویٹوری ایل بی ڈبلیو ب مالنگا 5 16 0 0
ناتھن میک کولم ایل بی ڈبلیو ب مالنگا 32 42 3 0
ٹم ساؤتھی ناٹ آؤٹ 13 21 1 0
کائل ملز رن آؤٹ 3 10 0 0
مچل میک کلیناہن ناٹ آؤٹ 1 3 0 0
فاضل رنز ل ب 8، و 5 13
مجموعہ 36.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 10 2 34 4
شامنڈا ایرنگا 8 0 45 2
رنگانا ہیراتھ 10 0 36 1
تلکارتنے دلشان 6.3 1 12 1
تھیسارا پیریرا 2 0 4 0