وارنر پھر تنازع کی زد میں، جو روٹ کو مکا جڑنے پر انضباطی کارروائی کا امکان

0 1,045

ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا کہ دنیائے کرکٹ میں آسٹریلیا کا طوطی بولتا تھا، دنیا کی کوئی ٹیم اسے زیر کرنے میں کامیاب نہ ہوپاتی تھی لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، ایک، ایک کر کے تمام اعزازات آسٹریلیا کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں اور ٹیم بحیثیت مجموعی زوال پذیر ہے۔

ڈیوڈ وارنر حال ہی میں ٹوئٹر پر صحافیوں سے الجھنے پر جرمانے کی سزا بھگت چکے ہیں (تصویر: AFP)
ڈیوڈ وارنر حال ہی میں ٹوئٹر پر صحافیوں سے الجھنے پر جرمانے کی سزا بھگت چکے ہیں (تصویر: AFP)

اردو کا مشہور مقولہ ہے کہ "اگر برا وقت آیا ہو تو اونٹ پر بھی بیٹھے ہوں تو کتا کاٹ لیتا ہے" بس آسٹریلیا کا بھی کچھ یہی حال ہے۔ جیسے جیسے کارکردگی میں زوال آتا گیا، کھلاڑیوں کے جھگڑے اور تنازعات میں ملوث ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوتا رہا۔ ہنگامہ شروع ہوا سائمن کیٹچ اور مائیکل کلارک کے جھگڑے سے اور حالیہ دورۂ بھارت میں شین واٹسن کے ٹیم سے اخراج تک پہنچا، اور اب خشمگیں نگاہیں ڈیوڈ وارنر پر ہیں۔ جو حال ہی میں ٹوئٹر پر صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی پر جرمانے کی سزا بھگت چکے ہیں اور اب انگلستان میں ایک شراب خانے میں انگلش کھلاڑی جو روٹ کو مکا جڑنے کے باعث پابندی کا سامنابھی کر سکتے ہیں۔

واقعہ دراصل یوں ہے کہ اتوار کو رات گئے برمنگھم کی براڈاسٹریٹ پر واقع ایک شراب خانے میں چند ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ تھے جبکہ انگلستان کے متعدد کھلاڑی بھی وہیں موجود تھے۔ معلوم ہوا کہ جو روٹ ایک سبز رنگ کی وِگ پہنے ہوئے تھے اور کسی بات پر انہوں نے اتار کر اسے اپنی داڑھی بنا لیا، جس پر وارنر طیش میں آ گئے اور انہوں نے داڑھی نوچ کر روٹ کی ٹھوڑی پر ایک مکا جڑ دیا۔ وارنر کو ساتھی کھلاڑی کلنٹ میک کے ایک طرف لے گئے جبکہ انگلستان کے کھلاڑی جن میں روٹ کے علاوہ اسٹورٹ براڈ اور کرس ووکس بھی شامل تھے شراب خانے سے روانہ ہو گئے۔ برطانوی روزنامہ 'دی میل' کے مطابق وارنر نے اگلے روز جو روٹ سے رابطہ کیا اور اپنے رویے پر معذرت طلب کی۔

اسی واقعے کی بنیاد پر آسٹریلیا نے آج نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں وارنر کو نہیں کھلایا اور امکانات موجود ہیں کہ انہیں اس اہم دورے سے فوراً وطن واپس بھیج دیا جائے اور ان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی ہو۔

ماضی میں اینڈریو سائمنڈز بھی متعدد بار ایسی ہی حرکات کے سبب وطن واپس بھیجے گئے ہیں اور کرکٹ آسٹریلیا ایسے معاملات سے بہت سختی سے پیش آتا ہے۔
ان ہنگاموں اور تنازعات کی وجہ سے ایسا لگتا ہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ میں پاکستان کی روح سرایت کر گئی ہے۔ کارکردگی صفر، ہنگامے بیشتر اور نت نئے تنازعات! اگر آج نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلے میں شکست کھا کر دفاعی چیمپئن آسٹریلیا چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر ہو گیا تو گویا مرے ہوئے پر سو درّے کے مترادف ہو جائے گا۔