نیوزی لینڈ قسمت کا دھنی، آسٹریلیا کے ارمانوں پر اچھا خاصا پانی پڑ گیا

0 1,053

کیا قسمت نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے؟ اک اہم مقابلے میں جہاں وہ مشکل صورتحال سے بھی دوچار تھا، بارش نے اسے ایک قیمتی پوائنٹ دلا دیا ہے اور وہ بدستور گروپ 'اے' میں سرفہرست ہے جبکہ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، جسے ابتدائی مقابلے میں انگلستان کے ہاتھوں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا، آج شدت سے فتح کا منتظر تھا لیکن برمنگھم کے بے رحم بادلوں نے میدان کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی امیدوں پر بھی اچھا خاصا پانی ڈال دیا۔

گہرے بادلوں نے آسٹریلیا کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا، جو اب سخت مشکل میں پھنس گیا ہے (تصویر: AFP)
گہرے بادلوں نے آسٹریلیا کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا، جو اب سخت مشکل میں پھنس گیا ہے (تصویر: AFP)

ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ اور ایڈم ووجس اور قائم مقام کپتان جارج بیلی کے 55 رنز کی بدولت 243 رنز کا خاصا مجموعہ اکٹھا کرنے کے بعد آسٹریلیا مقابلے میں بہتر پوزیشن میں تھا، خصوصاً جب اس نے 26 کے مجموعے پر نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز کو ٹھکانے لگا دیا تھا۔ ان فارم مارٹن گپٹل اور وکٹ کیپر لیوک رونکی کلنٹ میک کے کا شکار بنے تو آسٹریلیا مقابلے پر حاوی ہو گیا۔ کین ولیم سن اور روز ٹیلر نے اتنے مزید رنز جوڑے کہ بارش برسنا شروع ہو گئی، جس کے بعد کھیل ممکن ہی نہ ہو سکا۔

آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات 10 رنز پر دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بحالی کا عمل تھا۔ کپتان جارج بیلی اور وکٹ کیپر میتھیو ویڈ نے 64 جبکہ چوتھی وکٹ پر بیلی اور ووجس کے درمیان 77 رنز کی شراکت داریوں نے نیوزی لینڈ کے لیے معاملات کو کافی مشکل بنا دیا۔ ویڈ کی سست اننگز ناتھن میک کولم کے ایل بی ڈبلیو سے اختتام کو پہنچی جبکہ آسٹریلیا کو بہت بڑا دھچکا اس وقت پہنچا جب پاور پلے کے آغاز سے قبل آخری گیند پر جارج بیلی ناتھن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ 91 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کے ساتھ آسٹریلیا کی بڑے مجموعے تک پہنچنے کی توقعات کو پہنا نقصان پہنچا۔ مچل مارش اور ایڈم ووجس نے پاور پلے تو جیسے تیسے گزار لیا لیکن جیسے ہی کھیل آخری 10 اوورز کے مرحلے میں پہنچا، وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ پہلے مارش اور اس کے بع خود ووجس میک کلیناہن کی خوبصورت باؤلنگ کی زد میں آئے۔ ووجس نے 76 گیندوں پر 71 رنز کی بہت عمدہ اننگز کھیلی اور آسٹریلیا کے ایک مناسب مجموعے تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آخری 7 اوورز میں گلین میکس ویل کی بدولت آسٹریلیا نے 47 رنز حاصل کیے۔ میکس ویل 22 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن وہ آخری اوور میں میک کلیناہن کو کھیلنے میں ناکام رہے اور آسٹریلیا 250 کا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔

میک کلیناہن 4 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دو وکٹیں ناتھن میک کولم اور ایک کین ولیم سن کو ملی۔

مقررہ 50 اوورز کے اختتا م پر آسٹریلیا کا اسکور 8 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز رہا۔اب آسٹریلیا کو اپنی باؤلنگ کے بل بوتے پر نیوزی لینڈ کو ابتداء ہی میں پچھلے قدموں پر دھکیلنے کی ضرورت تھی لیکن اسے 15 اوورز سے زیادہ کاموقع ہی نہ ملا۔

متعدد بار امپائروں نے میدان کا جائزہ لیا لیکن مقابلہ کسی صورت میں شروع ہوتا نہ دکھائی دیا یہاں تک کہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 23 منٹ پر امپائروں نے مقابلے کے خاتمے کا اعلان کیا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔

اب گروپ 'اے' میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 3 پوائنٹ کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ سری لنکا کے خلاف ایک سخت مقابلے کے بعد فتح اور یہاں بارش کے باعث ایک قیمتی پوائنٹ کا حصول ظاہر کرتا ہے کہ قسمت بلیک کیپس کے ساتھ ہے جبکہ آسٹریلیا کا معاملہ اب کافی ڈانواں ڈول ہو گیا ہے۔ کل سری لنکا اور انگلستان کے درمیان ہونے والا مقابلہ گروپ 'اے' کی صورتحال کو مزید واضح کردے گا۔

آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ

چیمپئنز ٹرافی 2013ء، ساتواں مقابلہ

12 جون 2013ء

بمقام: ایجبسٹن، برمنگھم

نتیجہ: مقابلہ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ

آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ک رونکی ب میک کلیناہن 5 7 1 0
میتھیو ویڈ ایل بی ڈبلیو ب ناتھن میک کولم 29 57 3 0
فلپ ہیوز رن آؤٹ 0 4 0 0
جارج بیلی ب ناتھن میک کولم 55 91 5 0
ایڈم ووجس ک برینڈن میک کولم ب میک کلیناہن 71 76 7 0
مچل مارش ک رونکی ب میک کلیناہن 22 24 3 0
گلین میکس ویل ناٹ آؤٹ 29 22 1 2
جیمز فاکنر ک میک کلیناہن ب ولیم سن 6 12 0 0
مچل جانسن ک برینڈن میک کولم ب میک کلیناہن 8 6 2 0
کلنٹ میک کے ناٹ آؤٹ 2 4 0 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 7، و 4، ن ب 4 16
مجموعہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 243

 

نیوزی لینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کائل ملز 6 1 19 0
مچل میک کلیناہن 10 0 65 4
ڈینیل ویٹوری 10 1 23 0
ٹم ساؤتھی 4 1 26 0
ناتھن میک کولم 10 0 46 2
کین ولیم سن 10 0 56 1

 

نیوزی لینڈہدف: 244 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
لیوک رونکی ک واٹسن ب میک کے 14 17 2 0
مارٹن گپٹل ک میکس ویل ب میک کے 8 13 1 0
کین ولیم سن ناٹ آؤٹ 18 37 1 0
روز ٹیلر ناٹ آؤٹ 9 23 0 0
فاضل رنز ل ب 1، و 1 2
مجموعہ 15 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 51

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مچل جانسن 4 0 18 0
کلنٹ میک کے 4 0 10 2
شین واٹسن 3 1 11 0
جیمز فاکنر 3 0 7 0
زاویئر ڈوہرٹی 1 0 4 0