تازہ ترین عالمی درجہ بندی، مصباح الحق ٹاپ 10 میں شامل

0 1,051

پاکستان کے کپتان مصباح الحق ایک مرتبہ پھر ایک روزہ کرکٹ کے سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ محمد حفیظ نمبر ایک آل راؤنڈر کی پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں۔

مصباح الحق سرفہرست 10 بلے بازوں میں فی الوقت واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں (تصویر: Getty Images)
مصباح الحق سرفہرست 10 بلے بازوں میں فی الوقت واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں (تصویر: Getty Images)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے گروپ مرحلے کے اختتام پر ایک روزہ مقابلوں کے لیے درجہ بندی جاری کی ہیں جس کے مطابق بھارت نے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہ کر اپنی نمبر ایک پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے ۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل بھارت کے پوائنٹس کی تعداد 119 تھی، لیکن جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان پر شاندار فتوحات نے اسے مزید دو پوائنٹس سے نواز دیا ہے اور اب ان کی تعداد 121 ہو گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر انگلستان کی ٹیم ہے، جو ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کے باعث دو درجے پھلانگ کر اس پوزیشن پر آئی ہے جبکہ آسٹریلیا بدترین کارکردگی کے بعد تیسرے نمبر پر جا چکا ہے۔ جنوبی افریقہ بھارت کے خلاف شکست کی وجہ سے ایک قیمتی پوائنٹ کھو چکا ہے اور یوں 112 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ سری لنکا اور پاکستان بدستور پانچویں اور چھٹی پوزیشن پرموجود ہیں۔ ساتویں پوزیشن کے لیے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز میں سخت مقابلہ ہے۔ اس وقت دونوں کے پوائنٹس کی تعداد 88 ہے لیکن اعشاریہ کے فرق سے نیوزی لینڈ آگے ہے۔

انفرادی حیثیت میں بلے بازوں کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق پاکستان کے کپتان مصباح الحق سات درجے پھلانگ کے نمبر 10 پر آ گئے ہیں۔ انہوں نےچیمپئنز ٹرافی میں کھیلے گئے تین مقابلوں میں 86.50 کے زبردست اوسط سے 173 رنز بنائے، جن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے میں کیریئر کی بہترین 96 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں انگلش کپتان ایلسٹر کک دو درجے ترقی کے بعد آٹھویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

اس وقت بدستور جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ولیئرز بلے بازوں میں سرفہرست ہیں، جن کے بعد ہم وطن ہاشم آملہ ہیں۔ جبکہ بھارت کے ویراٹ کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی اور انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ بالترتیب اگلی تین پوزیشن پر موجود ہیں۔

گیند بازوں میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن بدستور نمبر ایک ہیں جن کے بعد پاکستان کے سعید اجمل ہیں، جن کے ساتھ انگلستان کے اسٹیون فن کو بھی دوسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بھارت کے رویندر جدیجا تین درجے پھلانگ کر چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ جمی اینڈرسن کو بھی 4 درجے ترقی ملی ہے اور وہ پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

ٹورنامنٹ میں بدترین کارکردگی نے محمد حفیظ کو دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر کی حیثیت سے محروم کر دیا ہے اور یہ پوزیشن ایک مرتبہ پھر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو مل گئی ہے۔

اب ایک روزہ کی نئی عالمی درجہ بندی 23 جون کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد جاری ہوگی۔