نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سربراہ مقرر

7 1,048

اور تمام تر توقعات اور امکانات کے برخلاف معروف صحافی، تجزیہ کار اور سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا قائم مقام چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔

نجم سیٹھی حال ہی میں نگراں وزیراعلی پنجاب رہے ہیں (تصویر: AFP)
نجم سیٹھی حال ہی میں نگراں وزیراعلی پنجاب رہے ہیں (تصویر: AFP)

گزشتہ ہفتے اسلام آباد کی عدالت عالیہ نے پی سی بی میں قائم مقام چیئرمین کی تقرری کے احکامات جاری کیے تھے۔ یہ عہدہ چیئرمین ذکا اشرف کے خلاف مقدمے اور عدالت کی جانب سے انہیں معطل کیے جانے کے حکم کے بعد سے خالی تھا۔ذکا اشرف نئے آئین کی منظوری کے بعد حال ہی میں بورڈ کی تاریخ کے پہلے آئینی سربراہ بنے تھے لیکن پیپلز پارٹی سے سیاسی وابستگی اور صدر آصف علی زرداری سے قربتیں نئی حکومت کے آتے ہی ان کے لیے بڑا مسئلہ بن چکی ہیں۔

بہرحال، عدالت کے اس حکم کے بعد سے مختلف نام سامنے آ رہے تھے جن میں سابق کپتان ماجد خان اور معروف تبصرہ کار چشتی مجاہد بھی شامل تھے، لیکن اچانک ہی قرعہ فال نجم سیٹھی کے نام نکل آیا ہے، جس نے کرکٹ سے وابستہ چند حلقوں کو بہت حیران بھی کیا ہے۔

نجم سیٹھی پاکستانی صحافت کا ایک معروف نام ہیں اور حالیہ قومی انتخابات کے دوران انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ اب قائم مقام چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا امتحان دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ پاکستان سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی میں جس بری طرح ناکام ہوا ہے، اس کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے امکانات ہیں۔ گو کہ یہ قائم مقام چیئرمین کی ذمہ داری نہیں لیکن بورڈ کا کلچر کچھ یوں ہے کہ جب ٹیم پر برائی آتی ہے تو چیئرمین سے لے کر ٹیم کے مالشیے تک سب ہی کو آڑے ہاتھوں لیا جاتا ہے۔ اسی طرح اگر دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے اچھی ٹیم تیار نہیں کی گئی اور وہاں بھی پاکستان کے مقدر میں شکست لکھی گئی تو یہ نجم سیٹھی کے عبوری عہد پر ایک دھبہ ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ خبریں اس وقت گردش میں ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بنایا جائے گا۔