چیمپئنز ٹرافی: 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' کا اعلان، مصباح بھی شامل

1 1,126

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' کا اعلان کیا ہے، جس میں اکثریت فائنل کھیلنے والے بھارت اور انگلستان کے کھلاڑیوں کی ہے جبکہ پاکستان کے کپتان مصباح الحق بھی شامل ہیں۔

ٹیم میں سب سے زیادہ یعنی پانچ کھلاڑی فاتح بھارتی دستے کے ہیں (تصویر: ICC)
ٹیم میں سب سے زیادہ یعنی پانچ کھلاڑی فاتح بھارتی دستے کے ہیں (تصویر: ICC)

چیمپئن بھارت کے سب سے زیادہ پانچ کھلاڑی -شیکھر دھاون، ویراٹ کوہلی، مہندر سنگھ دھونی، رویندر جدیجا اور بھوونیشور کمار - اس ٹیم میں جگہ پانے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ اپنے ہاتھوں سے ٹرافی گنوانے والے انگلستان کے دو کھلاڑی جوناتھن ٹراٹ اور جیمز اینڈرسن ٹیم میں موجود ہیں۔ ان کے علاوہ پاکستان، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کا ایک ایک کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ ہے۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو تین میچز میں 173 رنز کی بہترین کارکردگی کے باعث جگہ دی گئی ہے جبکہ کمار سنگاکارا، راین میک لارن اور مچل میک کلیناہن بالترتیب دیگر کھلاڑی ہیں۔ انگلستان کے جو روٹ کو بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ارسال کردہ اعلامیہ کے مطابق اتوار کی شب ٹرافی اٹھانے والے مہندر سنگھ دھونی اس اعزازی دستے کے قائد ہیں۔ وہ آئی سی سی کے اعلیٰ اعزازات یعنی ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد چیمپئنز ٹرافی بھی اٹھانے والے تاریخ کے واحد کپتان بنے ہیں۔

شیکھر دھاون، راین میک لارن،بھوونیشور کمار اور مچل میک کلیناہن جیسے کھلاڑیوں کے لیے اس ٹیم میں جگہ پانا بہت ہی اعزاز کی بات ہے کیونکہ یہ تینوں کھلاڑیوں کا پہلا عالمی ٹورنامنٹ تھا۔

یس ٹیم کا انتخاب پانچ رکنی پینل نے کیا جو آئی سی سی کے جنرل مینیجر برائے کرکٹ اور چیئرمین ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی جیوف ایلرڈائس، سابق بھارتی تیز باؤلر اور ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جواگل سری ناتھ، ایلیٹ پینل کے امپائر علیم ڈار، وزڈن کے سابق مدیر اور سنڈے ٹیلی گراف کے نمائندے سائیلڈ بیری اور دی انڈیپنڈنٹ کے نمائندے اسٹیفن برینکلے پر مشتمل تھی۔

چیمپئنز ٹرافی 2013ء، ٹیم آف دی ٹورنامنٹ:

  • شیکھر دھاون (بھارت)
  • جوناتھن ٹراٹ (انگلستان)
  • کمار سنگاکارا (سری لنکا)
  • ویراٹ کوہلی (بھارت)
  • مصباح الحق (پاکستان)
  • مہندر سنگھ دھونی (بھارت) (کپتان)
  • رویندر جدیجا (بھارت)
  • راین میک لارن (جنوبی افریقہ)
  • بھوونیشور کمار (بھارت)
  • جیمز اینڈرسن (انگلستان)
  • مچل میک کلیناہن (نیوزی لینڈ)
  • جو روٹ (انگلستان)(بارہویں کھلاڑی)