تازہ ترین عالمی درجہ بندی، بھارت کی نمبر ایک پوزیشن مضبوط

0 1,283

چیمپئنز ٹرافی چند انتہائی سنسنی خیز اور متعدد بہت مایوس کن مقابلوں کے بعد اپنے اختتام کو پہنچی اور بھارت کی عظمت کی ایک داستان رقم کر گئی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق بھارت نے اپنی نمبر ایک پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے

جدیجا باؤلرز اور آل راؤنڈرز میں نمبر تین پر آ گئے ہیں (تصویر: AP)
جدیجا باؤلرز اور آل راؤنڈرز میں نمبر تین پر آ گئے ہیں (تصویر: AP)

ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والا بھارت 119 پوائنٹس کے ساتھ انگلستان آیا تھا لیکن اب جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، پاکستان، سری لنکا اور انگلستان کے خلاف پانچ شاندار فتوحات کے بعد 123 پوائنٹس تک پہنچ گیا ہے۔ یوں اسے اپنے قریبی ترین حریف انگلستان پر 10 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے۔ انگلستان اس وقت 113 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اعشاریہ کے معمولی فرق سے آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔ ایک پوائنٹ کھونے والا جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر جبکہ سری لنکا بھی ایک قیمتی پوائنٹ کا نقصان کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام مقابلوں میں شکست پاکستان کو تین پوائنٹس سے محروم کر گئی ہے اور اب وہ 102 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

انفرادی درجہ بندی کی طرف نظر ڈالیں تو بھارت کے رویندر جدیجا کی "پانچویں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں" ہے۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 12 وکٹیں حاصل کر کے "گولڈن بال" جیتنے والے جدیجا گیند بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کا بہترین درجہ بھی ہےجبکہ بلے کے ذریعے بھی جادو دکھا کر وہ آل راؤنڈرز میں بھی تیسری پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔ ان کے ہم وطن روی چندر آشون بھی سرفہرست 10 باؤلرز میں آن دھمکے ہیں، وہ چھ درجے پھلانگ کر نویں نمبر پر موجود ہیں۔ باؤلرز میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن بدستور سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان کے سعید اجمل دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

بلے بازوں میں انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ چوتھے نمبر پر جبکہ پاکستان کے کپتان مصباح الحق ایک درجہ ترقی پاکر نویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز اور ان کے ہم وطن ہاشم آملہ بدستور پہلی دو پوزیشنوں پر قابض ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کے بہترین بلے باز قرار پانے والے بھارت کے شیکھر دھاون 21 درجے پھلانگ کے 29 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 363 رنز بنا کر "گولڈن بیٹ " حاصل کیا تھا۔ اگر ان کی یہ فارم ویسٹ انڈیز میں ہونے والے سہ فریقی ٹورنامنٹ میں بھی جاری رہی تو وہ بہت جلد دنیا کے دس بہترین بلے بازوں میں شمار ہونے لگیں گے۔

ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کرک نامہ کے اس خصوصی صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔