آئی سی سی کی بھارت نوازی، تین بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی سونپ دی

0 1,058

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ 10 سالوں میں اپنے تمام اہم ٹورنامنٹس کے میزبانوں کا اعلان کر دیا ہے اور مزیدار بات یہ ہے کہ تینوں طرز کی کرکٹ کے بڑے ٹورنامنٹس کی ایک، ایک بار میزبانی بھارت کو سونپی گئی ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تصدیق کے ساتھ ہی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے کا خاتمہ ہو گیا (تصویر: ICC)
ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تصدیق کے ساتھ ہی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے کا خاتمہ ہو گیا (تصویر: ICC)

برطانوی دارالحکومت لندن میں آئی سی سی کےسالانہ اجلاس کے بعد کیے گئے فیصلوں کے مطابق 2017ء سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نام سے اک نئے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا گیا ہے جو پہلی بار انگلستان میں منعقد ہوگا اور4 سال بعد اس کی میزبانی 2021ء میں بھارت کو ملے گی۔ یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی کے اس ارادے کا مظہر ہے کہ وہ ہر طرز کی کرکٹ میں ایک اعلیٰ ٹورنامنٹ کروائے گا اور یہی وجہ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا سلسلہ حالیہ ٹورنامنٹ کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا اور انگلستان اور ویلز میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی 2013ء کی بھرپور کامیابی بھی اس ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے کا پہلا ٹورنامنٹ جون-جولائی 2017ء میں انگلستان میں ہوگا جبکہ 2021ء کے فروری اور مارچ کے مہینوں میں بھارت اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

ایک روزہ کا عالمی کپ 2015ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں طے شدہ ہے جبکہ 2019ء کے عالمی کپ کی میزبانی انگلستان کو سونپی گئی ہے اور 2023ء میں عالمی کپ بھارت میں کھیلا جائے گا۔

کرکٹ کی مختصر ترین طرز یعنی ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء میں بھارت میں اور 2020ء میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ 2014ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پہلے ہی بنگلہ دیش میں طے شدہ ہے۔ 2016ء سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی 4 سال میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والا ٹورنامنٹ بن گیا۔ فی وقت یہ ہر دو سال بعد کھیلا جاتا ہے۔

یوں مردوں کے لیے جن چھ بڑے ٹورنامنٹس کا اعلان کیا گیا ہے اس میں سے تین بھارت میں کھیلے جائیں گے۔

علاوہ ازیں آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ، ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور انڈر 19 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کا بھی اعلان کیا جس کے مطابق 2017ء اور 2021ء کے ویمنز ورلڈ کپ بالترتیب انگلستان اور نیوزی لینڈ میں 2018ء اور 2022ء کے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ میں جبکہ انڈر 19 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس 2016ء میں بنگلہ دیش، 2018ء میں نیوزی لینڈ، 2020ء میں جنوبی افریقہ اور 2022ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے جائيں گے۔

سالانہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ حال ہی میں انگلستان اور ویلز میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی بلاشبہ بہت شاندار ٹورنامنٹ رہا لیکن ہم تینوں طرز کی کرکٹ میں ایک عالمی ایونٹ کے انعقاد کے اصول پر بدستور قائم ہیں اور اس لیے آئی سی سی نے اصولی طور پر چیمپئنز ٹرافی کی جگہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹورنامنٹ اور انعقاد کا سال میزبان

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمیپئنز شپ

2017ء انگلستان انگلستان
2021ء بھارت بھارت

آئی سی سی ورلڈ کپ

2019ء انگلستان انگلستان
2023ء بھارت بھارت

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی

2016ء بھارت بھارت
2020ء آسٹریلیا آسٹریلیا

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ

2017ء انگلستان انگلستان
2021ء نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی

2018ء ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز
2022ء جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ

2016ء بنگلہ دیش بنگلہ دیش
2018ء نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ
2020ء جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ
2022ء ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز