آئی سی سی نے جگمگاتی وکٹوں کے استعمال کی منظوری دے دی

1 1,028

دنیا بھر میں کھیلی جانے والی بھانت بھانت کی لیگ کرکٹ اب عالمی کرکٹ کی تجربہ گاہ بن چکی ہے۔ نئے نئے ہیروز تو اس لیگ میں جنم لے ہی رہے ہیں اور عالمی شہرت سمیٹ رہے ہیں، کچھ ایسی جدتیں بھی یہاں پروان چڑھ رہی ہیں جو کرکٹ کے بین الاقوامی کھیل کے حسن کو چار چاند لگا رہی ہیں۔

گیند کے چھوتے ہی جگمگا اٹھنے والی ان وکٹوں نے رن آؤٹ اور اسمٹپنگ کے قریبی معاملات میں تیسرے امپائر کی کافی مدد کی (تصویر: Getty Images)
گیند کے چھوتے ہی جگمگا اٹھنے والی ان وکٹوں نے رن آؤٹ اور اسمٹپنگ کے قریبی معاملات میں تیسرے امپائر کی کافی مدد کی (تصویر: Getty Images)

میدان بھر کا چکر لگانے والا کیمرہ اسپائیڈر کیم حالیہ چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے ساتھ استعمال کیا گیا اور اس نے شائقین کو ایسے زاویوں سے مناظر دکھائے جو پہلے کبھی بین الاقوامی کرکٹ میں نہیں دیکھے گئے تھے۔ اب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک اور جدت کی راہ ہموار کی ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ رواں سال کے اوائل میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں جگمگاتی ہوئی وکٹیں اور بیلز استعمال کی گئی تھیں، جو خوبصورت تو اپنی جگہ تھیں ہی لیکن انہوں نے امپائروں کو رن آؤٹ اور اسٹمپنگ کے قریبی معاملات میں بہت مدد فراہم کی کیونکہ یہ وکٹیں گیند کے چھوتے ہی جگمگا اٹھتی تھیں اور یوں امپائروں کو گیند کے وکٹوں کے چھونے کا درست ترین کے وقت معلوم ہوجاتا تھا۔

گزشتہ دنوں لندن میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے جس میں یہ بھی تھا کہ جگمگاتی وکٹوں (Zing Stumps) کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں استعمال کیا جائے گا تاہم اس سے قبل ٹیکنالوجی کا آزادانہ جائزہ لے کر اس کی رپورٹ آئی سی سی کو پیش کی جائے گی۔

زنگ اسٹمپس کرکٹ آسٹریلیا اور فوکس اسپورٹس کی مشترکہ کاوش ہیں اور حالیہ بگ بیش لیگ میں ان کا کامیابی سے استعمال کیا گیا ہے۔

اب شائقین کرکٹ کو انتظار رہے گا کہ اس طرح کی جگمگاتی وکٹیں کب بین الاقوامی کرکٹ کی زینت بنتی ہیں۔