پاکستان کے خلاف سیریز، ویسٹ انڈین دستے کا اعلان

1 1,060

چیمپئنز ٹرافی میں بدقسمتی اور پھر اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے سہ فریقی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد اب ویسٹ انڈیز کے پاس جوہر دکھانے کا ایک اور موقع ہے، یعنی پاکستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز۔ دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ بحیثیت مجموعی تو ٹیموں کا ٹکراؤ برابر کا ہے لیکن انفرادی حیثیت سے ویسٹ انڈین ٹیم میں کئی فتح گر کھلاڑی ہیں اور پاکستان چیمپئن کھلاڑیوں سے محروم ہے۔ بہرحال، اب تو میدان سجنے والا ہے جس کے ابتدائی دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے آج ویسٹ انڈیز نے اپنے دستے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

دنیش رام دین کی جگہ ویسٹ انڈین نے کوئی وکٹ کیپر نہیں منتخب کیا (تصویر: AFP)
دنیش رام دین کی جگہ ویسٹ انڈین نے کوئی وکٹ کیپر نہیں منتخب کیا (تصویر: AFP)

اعلان کردہ ویسٹ انڈین دستے کا سب سے حیران کن فیصلہ وکٹ کیپر دنیش رامدین کے اخراج کا ہے۔ حالیہ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں وکٹوں کے پیچھے جزوقتی وکٹ کیپر جانسن چارلس نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی ہے، اس کے بعد رامدین کو نکالنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کیونکہ ویسٹ انڈیز نے رامدین کی جگہ کوئی ماہر وکٹ کیپر بھی منتخب نہیں کیا، اس لیے امکان یہی ہے کہ جانسن چارلس ہی وکٹوں کے پیچھے فرائض انجام دیں گے۔ جن کی وکٹ کیپنگ حالیہ اندازوں کے مطابق عمر اکمل سے بھی گئی گزری ہے۔ بہرحال، دستے میں تیز باؤلر روی رامپال بھی شامل نہیں کیونکہ وہ سہ فریقی ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے اور اب تک اس میں بہتری نہیں آئی ہے۔

اگر فرداً فرداً دیکھا جائے تو ویسٹ انڈین ٹیم کمال کی ہے، قیادت بدستور ڈیوین براوو کے ہاتھ میں ہے جبکہ ڈیرن سیمی کے علاوہ کرس گیل، کیرون پولارڈ، سنیل نرائن اور مارلون سیموئلز جیسے کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ علاوہ ازیں لینڈل سیمنز کو بین الاقوامی کرکٹ میں بہترین انداز میں واپسی کے باعث برقرار رکھا گیا ہے اور جیسن ہولڈر کو بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کے باعث خارج نہیں کیا گیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ابتدائی دونوں ون ڈے میچز پروویڈنس، گیانا میں 14 اور 16 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ جبکہ پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے بقیہ تین مقابلے گروس آئی لیٹ میں ہوں گے۔

اعلان کردہ ویسٹ انڈین ٹیم:
ڈیوین براوو (کپتان)، ٹینو بیسٹ، جانسن چارلس، جیسن ہولڈر، ڈیرن براوو، ڈیرن سیمی، ڈیوون اسمتھ، سنیل نرائن، کرس گیل، کیرون پولارڈ، کیمار روچ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔