[ریکارڈز] شاہد آفریدی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز

1 1,043

مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹیم سے باہر کیے جانے والے شاہد آفریدی کے لیے چیمپئنز ٹرافی جیسے اہم ٹورنامنٹ سے اخراج بہت ہی سبق آموز تھا اور انہوں نے اس کا تمام تر غصہ واپسی کے ساتھ ہی پروویڈنس، گیانا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف نکالا۔ اک ایسے موقع پر جب پاکستان 47 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھا تھا اور ٹیم کے تہرے ہندسے تک پہنچنے کی امیدیں بھی بہت کم دکھائی دیتی تھیں، شاہد آفریدی نے 55 گیندوں پر 76 رنز کی شاہکار اننگز کھیلیں۔ صورتحال کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ دیر کریز پر ٹکے رہنے اور صرف خراب گیندوں ہی کو کھیلنے کی ضرورت تھی، شاہد آفریدی نے پانچ شاندار چھکوں اور 5 چوکوں سے مزین ایک ایسی اننگز کھیلی، جو طویل عرصے سے ان پر قرض تھی۔ حالیہ دورۂ جنوبی افریقہ میں بھی انہوں نے ایک اچھی اننگز کھیلی لیکن وہ فاتحانہ کردار ادا نہ کر سکی، جبکہ آج کی باری بلاشبہ فتح گر تھی۔

شاہد آفریدی سے قبل کوئی کھلاڑی دو مرتبہ بھی یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا (تصویر: WICB)
شاہد آفریدی سے قبل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز لینے کا اعزاز سعید انور کے پاس تھا (تصویر: WICB)

اگر معاملہ یہیں پر ٹھہرا رہتا تو الگ بات تھی لیکن 224 رنز کے ایک معمولی سے ہدف کے دفاع میں پاکستان نے شاہد آفریدی ہی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو دھول چٹائی۔ شاہد نے اپنے 9 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی جو ان کے کیریئر کی بہترین باؤلنگ بھی تھی، بلکہ کسی بھی پاکستانی باؤلر کی جانب سے کی گئی ایک روزہ تاریخ کی بہترین باؤلنگ تھی۔ بس وہ ایک وکٹ سے رہ گئے ورنہ چمندا واس کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیتے۔

اسی کارکردگی کی بدولت انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ آفریدی کے 355 ایک روزہ میچز پر مشتمل طویل کیریئر میں 30 واں موقع تھا کہ انہیں مردِ میدان کا خطاب ملا۔ یہ بذات خود ایک قومی ریکارڈ ہے یعنی پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز۔ وہ سب سے زیادہ ایوارڈز لینے والے سرفہرست دس بین الاقوامی کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز بھارت کے سچن تنڈولکر نے حاصل کیے ہیں جن کی تعداد 62 ہے اور اس معاملے میں کوئی کھلاڑی ان کے قریب بھی نہیں ۔ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 48 ایوارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ مکمل فہرست ذیل میں موجود ہے، ملاحظہ کیجیے:

ون ڈے میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز لینے والے کھلاڑی

نام ملک دورانیہ مقابلے ایوارڈز
سچن تنڈولکر بھارت بھارت 1989ء تا 2012ء 463 62
سنتھ جے سوریا سری لنکا سری لنکا 1989ء تا 2011ء 445 48
ژاک کیلس جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 1996ء تا 2012ء 321 32
رکی پونٹنگ آسٹریلیا آسٹریلیا 1995ء تا 2012ء 375 32
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 1975ء تا 1991ء 187 31
سارو گانگلی بھارت بھارت 1992ء تا 2007ء 311 31
برائن لارا ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 1990ء تا 2007ء 299 30
ارونڈا ڈی سلوا سری لنکا سری لنکا 1984ء تا 2003ء 308 30
شاہد آفریدی پاکستان پاکستان 1996ء تا 2013ء 355 30
سعید انور پاکستان پاکستان 1989ء تا 2003ء 247 28