مصباح، حفیظ اور عمر اکمل کی ناقابل یقین کارکردگی، پاکستان چوتھا ون ڈے جیت گیا

3 1,049

پاکستان نے ناقابل یقین انداز میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو-ایک کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ اس فتح کے معمار تھے مصباح الحق، محمد حفیظ اور عمر اکمل، جنہوں نے اپنی بہترین بلے بازی کے ذریعے پاکستان کو طویل عرصے بعد ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایک بہترین کامیابی دلائی۔

بارش کے بعد جیسے ہی مقابلے کا آغاز ہوا محمد حفیظ چھا گئے اور پاکستان کو راہ دکھا گئے (تصویر: AFP)
بارش کے بعد جیسے ہی مقابلے کا آغاز ہوا محمد حفیظ چھا گئے اور پاکستان کو راہ دکھا گئے (تصویر: AFP)

سینٹ لوشیا میں چوتھا ون ڈے ہر لحاظ سے پاکستان کے لیے ایک حیران کن دن تھا۔ ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ اور اس کے بعد دن بھر ویسٹ انڈین بلے بازوں خصوصاً مارلون سیموئلز کے ہاتھوں پٹنے، کیچ چھوڑنے، اسٹمپ ضایع کرنے اور ابتداء ہی میں اوپنرز کو گنوانے کے بعد پاکستان کو ایک ہمالیہ جیسا ہدف درپیش تھا۔ صرف 14 اوورز میں مزید 121 رنز، لیکن پاکستان حیران کن طور پر یہ کرگزرا۔

گزشتہ مقابلے کی مایوس کن کارکردگی اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیریز کا سب سے بڑا مجموعہ 261 رنز اکٹھا کرنے کے بعد پاکستان کے امکانات کم ہی تھے۔ 60 رنز پر دونوں اوپنرز کو گنوانے کے بعد ذمہ داری ان بلے بازوں پر تھی، جن سے توقع کم ہی تھی کہ ساڑھے 8 سے بھی زیادہ کا اوسط حاصل کرپائیں گے۔ دراصل 17 اوورز کا کھیل مکمل ہونے کے بعد بارش نے ایک گھنٹے سے زیادہ کا کھیل ضایع کردیا تھا اور جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کو 31 اوورز میں 189 رنز بنانے کا سخت ہدف ملا۔

اس موقع پر محمد حفیظ کی کی 62 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز نے پاکستان کی منزل کو آسان کیا۔ انہوں نے بارش کے بعد میچ شروع ہوتے ہی جس طرح دو اوورز میں 32 رنز لوٹے اور جیسن ہولڈر کو دو شاندار چھکے رسید کیے، اس نے میچ کے رخ کا فیصلہ کردیا۔ بعد ازاں مصباح کی 43 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز اور عمر اکمل کی 18گیندوں پر 19 رنز کی کارکردگی پاکستان کا سفر آسان کردیا۔ عمر اکمل کے ڈیوین براوو کو مسلسل تین گیندوں پر تین چوکوں نے 30 ویں اوور ہی میں پاکستان کو فتح دلا دی اور معاملہ آخری اوور تک نہیں گیا۔

مارلون سیموئلز کی شاندار سنچری رائیگاں چلی گئی (تصویر: AFP)
مارلون سیموئلز کی شاندار سنچری رائیگاں چلی گئی (تصویر: AFP)

دوسری جانب پاکستان کی باؤلنگ آج بہت بجھی بجھی دکھائی دی۔ مارلون سیموئلز کی شاندار سنچری اننگز نے پاکستانی ترکش کے تمام تیر ضایع کر دیے۔ سیموئلز کی اس شاندار بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے سیریز کا سب سے بڑا مجموعہ اکٹھا کردیا۔ پاکستان کے لیے زیادہ مایوس کن بات یہ تھی کہ اس نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کا الٹا اثر پاکستان کے حوصلوں کو پست کرنے کے برابر تھا خصوصاً باؤلرز کی بری کارکردگی کے بعد۔ وہاب ریاض ایک مرتبہ پھر بہت بری فارم میں دکھائی دیے انہوں نے اپنے 6 اوورز میں 42 رنز کھائے جبکہ اتنے ہی اوورز میں 41 رنز شاہد آفریدی کو پڑے۔ مارلون سیموئلز 104 گیندوں پر 106 رنز کی بہترین اننگز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، جس میں اننگز کی آخری گیند پر لگایا گیا زبردست چھکا بھی شامل تھا۔

حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کو آج صرف بیٹنگ ہی نے جتوایا ہے ورنہ فیلڈنگ اور باؤلنگ کے کارنامے ٹیم کو مقابلے سے باہر کرنے کے لیے کافی تھے۔ آج پاکستان نے گزشتہ میچ کے مقابلے میں کیچ بھی ڈراپ کیا اور اسٹمپ بھی ضایع کیا۔

فتح نے آج کے میچ میں پاکستان کی بہت ساری خامیوں کو چھپا تو دیا ہے، لیکن اب پاکستا ن کو آخری ون ڈے جیت کر سیریز میں تین-ایک سے فتح حاصل کرنی چاہیے اور اسے ہرگز 2-2 سے سیریز کی برابری پر قانع نہیں ہونا چاہیے۔ پانچواں ون ڈے 24 جولائی کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ پاکستان

چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

21 جولائی 2013ء

بمقام: بوسیجور اسٹیڈیم، گروس آئی لیٹ، سینٹ لوشیا

نتیجہ: پاکستان 6 وکٹوں سے کامیاب (ڈک ورتھ/لوئس طریق کار کے تحت

میچ کے بہترین کھلاڑی: مارلون سیموئلز

ویسٹ انڈیز رنز گیندیں چوکے چھکے
ڈیوون اسمتھ ک عمر ب عرفان 8 22 1 0
جانسن چارلس ایل بی ڈبلیو ب جنید 32 48 5 0
ڈیرن براوو ک سعید ب وہاب 9 18 1 0
مارلون سیموئلز ناٹ آؤٹ 106 104 9 4
کرس گیل ک متبادل بر آفریدی 30 46 3 1
لینڈل سیمنز ب سعید 46 44 5 1
ڈیرن سیمی ب عرفان 7 9 0 1
ڈیوین براوو رن آؤٹ 6 5 1 0
کیمار روچ ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ل ب 6، و 9، ن ب 2 17
مجموعہ 49 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 261

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
محمد عرفان 10 1 60 2
محمد حفیظ 8 1 30 0
جنید خان 9 2 39 1
وہاب ریاض 6 0 42 1
شاہد آفریدی 6 0 41 1
سعید اجمل 10 0 43 1

 

پاکستانہدف: 189 رنز (31 اوورز میں) رنز گیندیں چوکے چھکے
ناصر جمشید رن آؤٹ 22 37 1 0
احمد شہزاد ایل بی ڈبلیو ب ہولڈر 14 14 2 0
محمد حفیظ ک ڈیوین براوو ب روچ 59 62 5 2
مصباح الحق ناٹ آؤٹ 53 43 3 1
شاہد آفریدی ک سیمنز ب ڈیوین براوو 7 7 1 0
عمر اکمل ناٹ آؤٹ 29 18 4 0
فاضل رنز ل ب 1، و 3، ن ب 1 5
مجموعہ 30  اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
جیسن ہولڈر 5 0 41 1
کیمار روچ 6 1 33 1
سنیل نرائن 7 0 29 0
ڈیرن سیمی 3 0 10 0
ڈیوین براوو 6 0 49 1
مارلون سیموئلز 3 0 26 0