ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی، سری لنکا سرفہرست، پاکستان کے پاس دوسری پوزیشن کا موقع

0 1,035

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سالانہ اپڈیٹ جاری کردیا ہے جس کے مطابق سری لنکا بدستور دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر ہے تاہم گرین شرٹس کے پاس موقع ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست سے دوچار کرکے عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن ہتھیا لیں۔

اگر پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز جیت گیا تو وہ عالمی درجہ بندی ميں دوسری پوزیشن پر آ جائے گا (تصویر: WICB)
اگر پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز جیت گیا تو وہ عالمی درجہ بندی ميں دوسری پوزیشن پر آ جائے گا (تصویر: WICB)

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ سالانہ اپڈیٹ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آغاز سے محض دو دن قبل جاری ہوا ہے۔ اس سیریز کا پہلا میچ 27 جولائی کو کنگزٹاؤن، سینٹ ونسنٹ میں کھیلا جائے گا۔

دراصل آئی سی سی نے جون میں ہونے والے اپنے بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں تین کے بجائے چار سال کے میچز کا احاطہ کیا جائے گا۔ اب یہ تازہ ترین اپڈیٹ یکم اگست 2010ء کے بعد سے ہونے والے تمام میچز کے پوائنٹس اپنے اندر سموئے ہوئے ہے جو مئی 2014ء کے آغاز تک کارگر رہے گا یعنی کہ کل چار سال کے نتائج۔

حیران کن بات یہ ہے کہ اس اپڈیٹ کے نتیجے میں درجہ بندی میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور تمام ٹیمیں بدستور انہی پوزیشن پر موجود ہیں جیسا کہ پہلے تھیں البتہ چند ٹیموں کے ایک دو پوائنٹس میں کمی بیشی ہوئی ہے۔

دریں اثناء پاکستان کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرے لیکن اس کے لیے اسے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو آنے والے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں زیر کرنا ہوگا۔

پاکستان اس وقت 118 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور فتح کی صورت میں وہ ویسٹ انڈیز کی جگہ دوسرے جبکہ ویسٹ انڈیز چوتھے درجے پر آ جائے گا۔ دوسری جانب اگر ویسٹ انڈیز دو-صفر سےجیتنے میں کامیاب ہو گیا تو وہ نمبر ایک سری لنکا سے صرف دو ریٹنگ پوائنٹس کے فاصلے پر رہ جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں ٹیموں کی عالمی درجہ بندی

شمار ملک مقابلے پوائنٹس ریٹنگ
1 سری لنکا سری لنکا 14 1875 134
2 ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 15 1902 127
3 بھارت بھارت 14 1689 121
4 پاکستان پاکستان 19 2249 118
5 انگلستان انگلستان 19 2148 113
6 جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 16 1795 112
7 آسٹریلیا آسٹریلیا 17 1753 103
8 نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 19 1937 102
9 آئرلینڈ آئرلینڈ 7 568 81
10 بنگلہ دیش بنگلہ دیش 10 739 74
11 اسکاٹ لینڈ اسکاٹ لینڈ 7 435 62
12 زمبابوے زمبابوے 10 478 48
13 نیدرلینڈز نیدرلینڈز 5 181 36
14 کینیا کینیا 9 309 34

تمام طرز کی کرکٹ کی تازہ ترین درجہ بندی کرک نامہ کے اس خصوصی صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔