پاک-سری لنکا سیریز کے شیڈول کا اعلان

1 1,021

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے راہیں ہموار کرنے والا سری لنکا بھی اب مجبور ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ نہ کرے۔ 2009ء میں طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم بننے کے بعد دہشت گردوں کے حملے نے پاکستانی کرکٹ کا منظرنامہ ہی بدل دیا اور اب چار سال سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے کہ پاکستان میں کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں کھیلا گیا۔

پاکستان 2011ء میں متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں سیریز ہرا چکا ہے (تصویر: AFP)
پاکستان 2011ء میں متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں سیریز ہرا چکا ہے (تصویر: AFP)

پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے تئیں بھرپور کوشش کر رہا ہے لیکن حالات واقعتاً بین الاقوامی کرکٹ کے لیے سازگار نہیں ہے۔ یہی وجہ ہےکہ 'دکھ سکھ کا ساتھی' سری لنکا بھی تیسرے مقام پر سیریز کھیلنے پر مجبور ہے۔ رواں سال پاک-سری لنکا سیریز، جس سے کچھ توقعات تھیں کہ شاید سری لنکا کی رضامندی کے باعث پاکستان میں کھیلی جائے، بھی ایک مرتبہ پھر متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔

پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز کے درمیان مشاورت کے بعد سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا اعلان کردیا گیا ہے، جو کہنے کو تو دورۂ پاکستان ہے لیکن دراصل دورۂ متحدہ عرب امارات ہوگا۔

رواں سال کے اواخر میں دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچز کی مکمل کھیلی جائے گی۔

اس سلسلے میں سری لنکا کی ٹیم 7 دسمبر کو دبئی پہنچے گی جبکہ اگلے روز پاکستان افغانستان کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔

پاک-سری لنکا سیریز کا باضابطہ 11 دسمبرکو اولین ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا جبکہ 13 دسمبر کو دبئی ہی میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنا جائے گا۔ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 18 دسمبر کو شارجہ کے تاریخی میدان میں پہلے میچ سے ہوگا جبکہ دوسرا مقابلہ 20 دسمبر کو دبئی، تیسرا 22 دسمبر کو شارجہ، چوتھا 25 دسمبر ابوظہبی اور پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ 27 دسمبر کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 31 دسمبر سے دبئی میں شروع ہوگی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ مقابلہ 8 جنوری سے ابوظہبی اور تیسرا 16 جنوری سے شارجہ میں کھیلا جائےگا۔

پاکستان بمقابلہ سری لنکا 2013-14ء سیریز کا مکمل شیڈول

پاکستان بمقابلہ سری لنکا پہلا ٹی ٹوئنٹی 11 دسمبر 2013ء دبئی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا دوسرا ٹی ٹوئنٹی 13 دسمبر 2013ء دبئی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا پہلا ایک روزہ 18 دسمبر 2013ء شارجہ
پاکستان بمقابلہ سری لنکا دوسرا ایک روزہ 20 دسمبر 2013ء دبئی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا تیسرا ایک روزہ 22 دسمبر 2013ء شارجہ
پاکستان بمقابلہ سری لنکا چوتھا ایک روزہ 25 دسمبر 2013ء ابوظہبی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا پانچواں ایک روزہ 27 دسمبر 2013ء ابوظہبی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا پہلا ٹیسٹ 31 دسمبر 2013ء دبئی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا دوسرا ٹیسٹ 8 جنوری 2014ء ابوظہبی
پاکستان بمقابلہ سری لنکا تیسرا ٹیسٹ 16 جنوری 2014ء شارجہ