بھارت کا کلین سویپ، زمبابوے کو پانچ-صفر کی ہزیمت

0 1,064

توقعات، امکانات اور خدشات جو بھی کہیں ان کے عین مطابق زمبابوے کو عالمی چیمپئن بھارت کے خلاف آخری ون ڈے میں بھی شکست ہوئی اور یوں بھارت نے ویراٹ کوہلی کی قیادت میں پانچ-صفر کے شاندار فرق سے سیریز اپنے نام کی۔ بھارتی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت، اور اپنے میدانوں پر زمبابوے کی حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے قیاس کیا جا رہا تھا کہ شاید زمبابوے کسی ایک مقابلے میں اپ سیٹ کرجائے لیکن تمام ہی مقابلوں میں اسے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ بلاوایو میں آخری ایک روزہ مقابلے میں بھی بھارت 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے جیتا۔

ویراٹ کوہلی کی صورت میں بھارت کا مستقبل کا کپتان اب فتوحات کی راہ پر گامزن (تصویر: AFP)
ویراٹ کوہلی کی صورت میں بھارت کا مستقبل کا کپتان اب فتوحات کی راہ پر گامزن (تصویر: AFP)

اس فتح کے معمار تھے امیت مشرا، جنہوں نے 6 وکٹیں حاصل کر کے سیریز میں اپنی وکٹوں کی تعداد ریکارڈ 18 تک پہنچا دی اور ہم وطن جواگل سری ناتھ کا ایک سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ برابر کیا۔ ان کی اسی شاندار گیندبازی کی بدولت ٹاس ہارنے کے بعد بھارت کی دعوت پر بلے بازی کرنے والا زمبابوے 163 رنز کے مجموعے پر ڈھیر ہو گیا۔

زمبابوے کے پانچ سرفہرست بلے باز صرف 72 رنز پر میدان بدر ہو چکے تھے اور بھارت نے زمبابوے کی باری کو درمیان میں پہنچنے سے قبل ہی مقابلے پر اپنی فتح کی مہر ثبت کردی تھی۔بدقسمتی سےکپتان برینڈن ٹیلر ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 11 گیندیں کھیلنے کے باوجود اپنا کھاتہ کھولے بغیر میدان سے واپس آئے۔ ابتدائی بلےبازوں میں صرف ہملٹن ماساکازا نے 32 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی۔

چھٹی وکٹ پر سین ولیمز اور ایلٹن چگمبورا نے 50 رنز جوڑے یہاں تک کہ امیت مشرا نے دو مسلسل اوورز میں ان دونوں کے علاوہ ٹینوٹینڈا موتوبودزی کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔ معمولی سی مزاحمت کے بعد 40 ویں اوور میں مشرا ہی کے ہاتھوں برائن وٹوری کی وکٹ گری اور زمبابوے کی اننگز 163 رنز پر تمام ہوئی۔ سین ولیمز 65 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

امیت مشرا 8.5 اوورز میں 48 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو موہیت شرما، جیدیو انڈکٹ، رویندر جدیجا اور محمد شامی نے آؤٹ کیا۔

گو کہ ایک معمولی ہدف کا تعاقب بھارت کے لیے اچھا نہ تھا کیونکہ پہلے ہی اوور میں اسے صفر پر چیتشور پجارا کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن دوسری وکٹ پر شیکھر دھاون اور اجنکیا راہانے کے درمیان 55 رنز کی رفاقت نے بنیاد رکھی۔ دھاون 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد راہانے اور رویندر جدیجا نے اسکور کو 126 تک پہنچا دیا۔ راہانے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں بھارت نے مطلوبہ ہدف 34 ویں اوور میں حاصل کیا۔ رویندر اجڈیجا 48 اور دنیش کارتک 10 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یوں زمبابوے کو پانچ-صفر کی ذلت آمیز شکست ہوئی۔

امیت مشرا کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت اب وطن واپس جا کر دو اہم ترین مقابلوں کی تیاری کرے گا یعنی آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دورۂ بھارت۔ جبکہ زمبابوے پاکستان کی میزبانی کی تیاری کرے گا جو رواں ماہ کے اواخر میں پہنچ رہا ہے۔