ون ڈے درجہ بندی، پاکستانی بلے باز اور باؤلرز روبہ زوال

2 1,014

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستانی بلے باز اور باؤلرز سب تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔

    جدیجا 17 سال بعد نمبر ایک بننے والے پہلے بھارتی باؤلر ہیں (تصویر: AFP)
جدیجا 17 سال بعد نمبر ایک بننے والے پہلے بھارتی باؤلر ہیں (تصویر: AFP)

بھارت-زمبابوے سیریز کے اختتام پر تازہ تر کی جانے والی درجہ بندی کے مطابق عالمی چیمپئن بھارت بدستور نمبر ایک ٹیم ہے۔ زمبابوے کے خلاف کلین سویپ کے بعد بھارت کے پوائنٹس کی تعداد 123 ہو گئی ہے جبکہ سالانہ اپڈیٹ سے فائدہ اٹھا کر نمبر آسٹریلیا نمبر دو پر پہنچ چکا ہے جبکہ انگلستان تیسرے نمبر پر ہے۔

ادھر سری لنکا جنوبی افریقہ کو ایک روزہ سیریز میں شکست دے کر پانچویں سے چوتھے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ پاکستان بدستور چھٹے نمبر پر ہے ۔

انفرادی سطح پر دیکھا جائے تو بلے بازوں میں ہاشم آملہ بدستور سرفہرست ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز دوسرے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا تیسرے نمبر پر ہیں۔۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق ایک درج تنزلی کے بعد ساتویں سے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں، جو سرفہرست 10 بلے بازوں میں واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

گیندبازوں میں بھارت کے رویندر جدیجا چار درجے ترقی پا کر سرفہرست آ گئے ہیں۔ یہ 17 سال بعد پہلا موقع ہے کہ کوئی بھارتی باؤلر گیندبازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آیا ہو۔ آخری مرتبہ انیل کمبلے کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔ جدیجا کے سرفہرست آنے سے ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ انگلستان کی جوڑی اسٹیون فن اور جیمز اینڈرسن بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے اسپنر سعید اجمل مزید تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان کے محمد حفیظ کا نمبر پانچواں ہے ۔

ایک روزہ کرکٹ کی مکمل درجہ بندی کے لیے کرک نامہ کا یہ خصوصی صفحہ دیکھیں۔