ون ڈے کپتان مصباح کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی کپتان حفیظ کی پٹائی

3 1,097

پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی قائد محمد حفیظ کے درمیان تناؤ کی افواہیں تو کافی عرصے سے ذرائع ابلاغ کی زینت ہیں، لیکن اس سلسلے میں اصل مزہ اس وقت آیا جب کیریبیئن پریمیئر لیگ 2013ء کے ایک میچ میں مصباح الحق نے اپنی ٹیم سینٹ لوشیا زوکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے گیانا ایمیزن کے محمد حفیظ کی دل کھول کر پٹائی کردی۔
آخری اوور میں جب سینٹ لوشیا کو 6 گیندوں پر 10 رنز کی ضرورت تھی تو مصباح "پروفیسر" کی پہلی گیند ضایع کر گئے لیکن اگلی دونوں گیندوں پر بھرپور چھکوں کے ذریعے اپنا تمام تر غصہ "رقیب" پر اتار دیا اور ٹیم کو شاندار انداز میں مقابلہ جتوا دیا۔

مصباح الحق نے چھکے کے ساتھ میچ کا کامیاب اختتام کیا (تصویر: Getty Images)
مصباح الحق نے چھکے کے ساتھ میچ کا کامیاب اختتام کیا (تصویر: Getty Images)

ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں ناکوں چنے چبوانے والے پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کیریبیئن لیگ میں بھی حریفوں کے چھکے چھڑادیے ہیں۔

میچ میں گیانا ایمیزن نے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 126 رنز بنائے جس میں حفیظ کا حصہ 13 رنز کا تھا۔ اوپنر لینڈل سیمنز نے 38 اور کرسٹوفر بارنویل نے 29 رنز بنائے۔

زوکس کی جانب سے شین شلنگ فورڈ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تعاقب میں سینٹ لوشیا نے پاکستانی کپتان کی بدولت آخری اوور کی تیسری گیند پر ہدف کو جا لیا اور یوں پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

مصباح الحق نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں چھکے کی صورت میں وننگ شاٹ بھی شامل تھا۔ ان کے علاوہ سینٹ لوشیا کی جانب سے ڈیوین اسمتھ نے 24، آندرے فلیچر نے 23 اور ڈیرن سیمی نے 9 گیندوں پر قیمتی 21 رنز بنائے۔

مصباح الحق شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔