ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح، جنوبی افریقہ کے زخموں پر مرہم

0 1,105

سری لنکا کے مایوس کن دورے میں، جہاں ایک روزہ سیریز میں پے در پے شکستوں نے جنوبی افریقہ کو بے حال بھی کیا اور عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن پر بھی جا دھکیلا، ٹی ٹوئنٹی سیريز میں کامیابی نے غموں کا کچھ ازالہ ضرور کردیا ہوگا۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے 22 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز کی تکمیل سے پہلے ہی کامیابی سمیٹ لی۔

ڈیوڈ ملر کے 21 گیندوں پر 36 رنز کلیدی ثابت ہوئے (تصویر: AFP)
ڈیوڈ ملر کے 21 گیندوں پر 36 رنز کلیدی ثابت ہوئے (تصویر: AFP)

جنوبی افریقی کپتان فف دو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور ڈیوڈ ملر کی دھواں دار اننگز سے پہلے تک پروٹیز کی کارکردگی بس معمولی ہی تھی۔ 11 کے مجموعے پر ڈیوڈ ہنری آؤٹ ہوئے تو ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہونے سے پہلے ہی کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان دو پلیسی بھی پویلین سدھار چکے تھے۔

ژاں-پال دومنی اور ابراہم ڈی ولیئرز نے اسکور کو 86 تک پہنچایا اور پھر ڈی ولیئرز کی روانگی کے ساتھ ہی ڈیوڈ ملر آئے۔ یہ ان کا "بلّا چارج" ہی تھا جس نے سری لنکا کو بے حال کیا اور جنوبی افریقہ کو 145 رنز کے مستحکم مجموعے تک پہنچایا۔ دوسرے اینڈ سے دومنی نے 23 گیندوں پر 30 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی جبکہ ملر 21 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 36 رنز بنا کر 19 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے نووان کولاسیکرا اور سچیتھرا سینانائیکے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ لاستھ مالنگا کو ملی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر مکمل ناکام نظر آئی۔ ایک روزہ سیریز میں جہاں میزبان بلے بازوں کا راج تھا، ٹی ٹوئنٹی میں حالات بالکل مختلف دکھائی دے دیے۔ صرف 48 کے اسکور پر 3 قیمتی وکٹیں گر چکی تھیں جن میں مہیلا جے وردھنے کپتان دنیش چندیمال اور کوشار پیریرا شامل تھے۔

کمار سنگاکارا اور لاہیرو تھریمانے کی مزاحمت نے اسکو رکو 85 تک ضرور پہنچایا لیکن پے در پے تین اوورز میں تھریمانے 18 رنز، اینجلو میتھیوز 1 رن اور کمار سنگاکار ا 39 رنز کی وکٹیں گرنے سے سری لنکن پیشرفت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور مقررہ 20 اوورز کی تکمیل پر 7 وکٹوں پر 123 رنز ہی بنا پایا۔

ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کی یہ فتوحات اس کی درجہ بندی پر مثبت اثرات مرتب کریں گی۔

ڈیوڈ ملر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا آخری میچ کل یعنی منگل کو ہمبنٹوٹا ہی میں کھیلا جائے گا۔