سری لنکا کا انکار، ڈے-نائٹ ٹیسٹ نہیں ہوگا

1 1,103

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اچانک "یو ٹرن" لیتے ہوئے رواں سال دبئی میں پاک- لنکا ٹیسٹ کے مصنوعی روشنی میں انعقاد کی تجویز مسترد کردی ہے۔ سری لنکا نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کو ڈے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کا کوئی تجربہ نہیں، نہ ہی ان کے کھلاڑی مصنوعی روشنیوں میں گلابی یا نارنجی گیند سے مانوس ہیں، اس لیے فی الوقت ہمارے لیے مشکل ہے کہ ہم کرکٹ کی اعلیٰ ترین قسم یعنی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اتنا بڑا تجربہ کریں۔

دبئی کا اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم تاریخی میدان بننے سے محروم ہو گیا (تصویر: Vision)
دبئی کا اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم تاریخی میدان بننے سے محروم ہو گیا (تصویر: Vision)

سری لنکا کا کہنا ہے کہ پہلے اس طرز کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کا تجربہ کریں گے، جس کے بعد ہی بین الاقوامی سطح پر ڈے-نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال کے اواخر میں طے شدہ پاک- لنکا سیریز کے دوران ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی جسے ابتدائی طور پر سری لنکن بورڈ نے سراہا بھی تھا تاہم اب اچانک اس نے معذرت کرلی ہے اور بہرحال اس کی جو وجہ پیش کی گئی ہے وہ معقول بھی ہے کیونکہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ میں دو سیزن نائٹ ٹیسٹ میچز کا تجربہ کیا گیا ہے اور پاکستانی کھلاڑی گلابی اور نارنجی گیندوں سے زیادہ اچھی طرح آشنا ہیں۔

اس طرح پاکستان بمقابلہ سری لنکاسیریز میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ کا خواب ادھورا ہی رہ گیا اور اب دیکھنا یہ ہے کہ کون سی ٹیم سب سے پہلے اس جدت میں قدم رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کے انعقاد میں پہل کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکا ہے تاہم ابھی تک اس سمت میں کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔