صرف پیار نہیں ڈنڈا پریڈ کرنا بھی جانتا ہوں، معین خان

1 1,082

پاکستان کے کھلاڑی ابھی دورۂ زمبابوے کے لیے روانہ نہیں ہوئے کہ ٹیم مینیجر معین خان نے انہیں ڈرانا بھی شروع کردیا ہے۔ کہتے ہیں کہ پیار کرنا جانتا ہوں تو ڈنڈا پریڈ بھی میرا خاصا ہے، جو پیار سے نہیں مانے اسے ڈنڈے سے انسان بنا دوں گا۔

جو پیار سے نہیں مانے اسے ڈنڈے سے انسان بنا دوں گا، ٹیم مینیجر (تصویر: Getty Images)
جو پیار سے نہیں مانے اسے ڈنڈے سے انسان بنا دوں گا، ٹیم مینیجر (تصویر: Getty Images)

دورے کے لیے روانگی سے ایک روز قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ دورۂ زمبابوے کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، بس ضرورت ہوگی کھلاڑیوں میں احساس ذمہ داری کوپیدا کرنے کی، جس میں کام کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ نظم و ضبط پر بالکل سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، کوئی کتنا ہی بڑا کھلاڑی کیوں نہ ہو، اسے قواعد و ضوابط کے مطابق چلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں سے شفقت سے پیش آؤں لیکن واضح کرتا ہوں کہ میں ڈنڈا پریڈ کرنا بھی جانتا ہوں، اس لیے سب کو اپنی پوری توجہ صرف کھیل پر مرکوز کرنا ہوگی۔

معین خان کا مزید کہنا تھا کہ زمبابوے کو ہرگز کمزور نہیں سمجھیں گے اور پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کے دورۂ زمبابوے کا باضابطہ آغاز 23 اگست سے ہرارے میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا جس کے لیے قومی ٹیم کل یعنی 19 اگست کو روانہ ہوگی۔

واضح رہے کہ معین خان کو حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی بنایا تھا لیکن عدالت کے فیصلے کے باعث معین خان اس عہدے کے حصول میں کامیاب نہ ہو سکے۔ بعد ازاں دورۂ زمبابوے سے قبل بورڈ نے انہیں مینیجر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔