معین خان کی ڈنڈا پریڈ کا"خوف"، کھلاڑی رقص دیکھنے تھیٹر پہنچ گئے

1 1,049

پاکستان کے کوچ ڈیو واٹمور اپنی سخت گیر طبیعت کی وجہ سے مشہور رہے ہیں اور کھلاڑیوں سے سخت تربیت کروانے کی خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ اب جبکہ قومی کرکٹ ٹیم مختلف حصوں میں زمبابوے روانہ ہو چکی ہے ایسا لگتا ہے کہ لاہور میں ہونے والے تربیتی کیمپ میں ہیڈ کوچ نے کچھ زیادہ کی سخت ٹریننگ کروا دی جس کی وجہ سے تھکاوٹ کے شکار کھلاڑی جاتے جاتے بھی موج مستیاں کر گئے۔

جنید خان سمیت ٹیم کے تین نوجوان تیز باؤلر روانگی سے محض چند گھنٹے قبل لاہور کے تھیٹر میں رقص سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے (تصویر: AFP)
جنید خان سمیت ٹیم کے تین نوجوان تیز باؤلر روانگی سے محض چند گھنٹے قبل لاہور کے تھیٹر میں رقص سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے (تصویر: AFP)

لاہور کے ایک مقامی تھیٹر میں گزشتہ رات پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی ذرائع ابلاغ کی نظروں میں آ گئے جو رقص و سرور کی محفل سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ وہ بھی اس دوران جبکہ ان کی زمبابوے جانے والی پرواز محض چند گھنٹے دور تھی۔

ان کھلاڑیوں میں صوابی سے تعلق رکھنے والے تیز گیندباز جنید خان، کراچی کے انور علی اور سرگودھا کے اسد علی شامل تھے جنہوں نے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تھیٹر میں گزارا۔

یہ واقعہ ٹیم مینیجر معین خان کے اس بیان کے محض چند گھنٹوں بعد پیش آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ پیار کے ساتھ ساتھ ڈنڈا پریڈ کرنا بھی جانتے ہیں اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے بیان کے بعد دن ڈھلتے ہی اندازہ ہوگیا کہ کھلاڑیوں میں معین خان کی ڈنڈا پریڈ کا کتنا خوف ہے؟

تھیٹر میں ڈرامے سے لطف اندوز ہونے کے بعد تینوں کھلاڑی رات 11 بجے واپس نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچے اور بعد ازاں زمبابوے روانہ ہوگئے۔