اسٹورٹ براڈ کو رُلا دیں گے، آسٹریلیا کی بچکانہ دھمکی

3 1,041

انگلستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد آسٹریلیا خود تو رو ہی رہا ہے لیکن وہ چاہ رہا ہے کہ "بے ایمان" اسٹورٹ براڈ کو بھی رُلایا جائے۔ جی ہاں! وہ براڈ جو ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے نازک ترین مرحلے پر آؤٹ ہونے کے باوجود ٹس سے مس نہ ہوا اور امپائر کی مدد سے نہ صرف خود بچا بلکہ بعد ازاں این بیل کے ساتھ اس کی شراکت داری میچ میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

ہم اس کھلی بے ایمانی کو بھولے نہیں ہیں اور آسٹریلیا کے عوام بھی نہیں بھولے ہوں گے: ڈیرن لیمن (تصویر: PA Photos)
ہم اس کھلی بے ایمانی کو بھولے نہیں ہیں اور آسٹریلیا کے عوام بھی نہیں بھولے ہوں گے: ڈیرن لیمن (تصویر: PA Photos)

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق آسٹریلیا کے کوچ ڈیرن لیمن کا کہنا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں واضح طور پر آؤٹ ہونے کے باوجود پویلین کا راستہ نہ پکڑنے کا واقعہ بھلایا نہیں ہے اور وہ رواں سال کے اواخر میں ہونے والی اگلی ایشیز میں اس کا پورا بدلہ لیں گے۔

ڈیرن لیمن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی طرح آسٹریلیا کی عوام کے جذبات بھی ایسے ہی ہیں اور وہ اس کھلی بے ایمانی براڈ کو آڑے ہاتھوں لیں گے، یہاں تک کہ اس سیریز کے اختتام پر براڈ روتا ہوا گھر جائے۔

یعنی ٹرینٹ برج کے بعد تین ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا ایڑی چوٹی کا زیر لگانے کے باوجود کارکردگی سے تو انگلستان کو زیر نہ کرسکا، اور اب گالم گلوچ کے ذریعے حریف گیندباز کو رلانے کی دھمکیاں دینے پر اتر آیا ہے۔ عظیم آسٹریلیا کا زوال اتنا بدترین ہوگا، اس کا اندازہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ آج شروع ہو رہا ہے جہاں آسٹریلیا چار-صفر کی بدترین شکست سے بچنے کی کوشش کرے گا۔ جبکہ رواں سال 21 نومبر سے انگلستان آسٹریلیا پہنچے گا جہاں ایک مرتبہ پھر ایشیز سیریز کھیلی جائے گی۔