زمبابوے کے خلاف ٹوئنٹی سیریز، پاکستان کے پاس نمبر ون کے قریب پہنچنے کا موقع

2 1,038

ویسٹ انڈیز میں شاندار انداز میں سیریز جیتنے کے بعد اب پاکستان کا مقابلہ نسبتاً کمزور حریف زمبابوے سے ہے۔ سیریز کا باضابطہ آغاز کل سے ہرارے میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہو رہا ہے اور پاکستان کو یہاں فتوحات کے ذریعے عالمی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں نمبر ایک پوزیشن کے مزید قریب پہنچنے کا موقع ملے گا۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کے پاس اپنی انفرادی درجہ بندی کو بھی بہتر بنانے کا موقع ہوگا (تصویر: AFP)
ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کے پاس اپنی انفرادی درجہ بندی کو بھی بہتر بنانے کا موقع ہوگا (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلامیہ کے مطابق اس وقت عالمی درجہ بندی میں سری لنکا 128 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ایک ہے جبکہ پاکستان 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ اگر پاکستان زمبابوے کے خلاف سیریز کے دونوں ٹی ٹوئنٹی مقابلوں جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 125 ہوجائے گی اور اس طرح سری لنکا اور پاکستان کے درمیان فاصلہ صرف تین پوائنٹس کا رہ جائے گا۔

دوسری جانب زمبابوے کے پاس بھی موقع ہوگا کہ وہ دونوں میچز جیت کر ایک درجہ پھلانگ کر گیارہویں نمبر پر آ سکے۔ اس وقت زمبابوے 48 پوائنٹس کے ساتھ بارہویں پوزیشن پر ہے۔

علاوہ ازیں پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس انفرادی درجہ بندی کو بہتر بنانے کا بھی موقع ہوگا۔ کپتان محمد حفیظ اس وقت ٹی ٹوئنٹی میں دنیا کے دوسرے بہترین آل راؤنڈر ہیں جبکہ سعید اجمل باؤلرز میں دوسرے اور شاہد آفریدی گیارہویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دونوں ٹی ٹوئنٹی مقابلے کل اور پرسوں یعنی 23 اور 24 اگست کو ہرارے میں ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں ٹیموں کی عالمی درجہ بندی

شمار ملک مقابلے پوائنٹس ریٹنگ
1 سری لنکا سری لنکا 17 2173 128
2 پاکستان پاکستان 21 2599 124
3 بھارت بھارت 14 1689 121
4 ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 17 2041 120
5 جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 19 2233 118
6 انگلستان انگلستان 19 2148 113
7 آسٹریلیا آسٹریلیا 17 1753 103
8 نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 19 1937 102
9 آئرلینڈ آئرلینڈ 7 568 81
10 بنگلہ دیش بنگلہ دیش 10 739 74
11 اسکاٹ لینڈ اسکاٹ لینڈ 7 435 62
12 زمبابوے زمبابوے 10 478 48
13 نیدرلینڈز نیدرلینڈز 5 181 36
14 کینیا کینیا 9 309 34