ایشین ایمرجنگ ٹیمز کپ ، پاکستان و بھارت فائنل میں

0 1,143

حقیقی و عملی اقدامات جن کے فوائد عوام تک پہنچیں، ان کے علاوہ ہر میدان میں پاکستان اور بھارت ہمیشہ ایک دوسرے کے مدمقابل رہتے ہیں۔ چاہے کھیل کا میدان ہو یا سرحدوں پر جھڑپیں، جہاں دونوں طرف کے کھلاڑی یا فوجی سامنے آئے وہیں کشیدگی شروع۔ یہی وجہ ہے کہ کھیلوں کی دنیا میں پاک-بھارت ٹاکرا عظیم ترین مقابلہ شمار ہوتا ہے اور اب ایک مرتبہ پھر دونوں روایتی حریف اتوار کو ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ 2013ء کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ مقابلہ کھیلا جائے گا۔

حماد اعظم کی 66 رنز کی شاندار اننگز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے فتحیاب کیا (تصویر: AFP)
حماد اعظم کی 66 رنز کی شاندار اننگز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے فتحیاب کیا (تصویر: AFP)

ایمرجنگ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان انڈر 23 نے کپتان حماد اعظم کی شاندار کارکردگی کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دی۔ پاڈانگ، سنگاپور میں ہونے والے اس مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اور اوپنر اُدارا جے سندرا کی 94 رنز کی شاندار باری کی بدولت 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 230 رنز بنائے۔ ساتھی اوپنر شہان جے سوریا 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ دونوں نے سری لنکا انڈر 23 کو 81 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

لیکن عثمان قادر کی عمدہ گیندبازی نے سری لنکا کو ایک بڑے مجموعے کی جانب بڑھنے سے روکا۔ عثمان نے صرف 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو صفر پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور حالات اس وقت گمبھیر ہوگئے جب 129 رنز تک پہنچتے پہنچتے 7 کھلاڑی میدان بدر ہو چکے تھے۔ یعنی 100 سے زیادہ رنز ابھی درکار تھے اور وکٹیں صرف تین باقی تھیں۔ لیکن اس مرحلے پر کپتان حماد اعظم نے قائدانہ اننگز کھیلی اور پہلے بلاول بھٹی کے ساتھ اسکور کو 169 تک پہنچایا۔ بلاول نے 25 قیمتی رنز بنائے۔

جب 196 رنز کے مجموعے پر عثمان قادر رن آؤٹ ہوئے تو ایسا لگا کہ بس مقابلہ ہاتھ سے نکل گیا کیونکہ پاکستان کو 35 رنز درکار تھے اور صرف ایک گیند اس کی اننگز کا خاتمہ کر سکتی تھی لیکن احسان عادل نے 14 گیندیں کھیلتے ہوئے اپنی وکٹ بچائے رکھی اور دوسرے اینڈ سے حماد اعظم کی دھواں دار بلے بازی نے پاکستان کو 7 گیندیں پہلے ہی ہدف تک پہنچا دیا۔ انہوں نے49 ویں اوور میں لاہیرو جے رتنے کو پہلی گیند پر چوکا رسید کیا اور پانچویں گیند کو چھکے کی راہ دکھا کر پاکستان کو مقابلہ جتوا دیا۔

حماد دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 69 گیندوں پر 66 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

دوسری جانب کالانگ، سنگاپور میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے کمزور حریف متحدہ عرب امارات کو 46 رنز سے باآسانی شکست دے کر فائنل میں جگہ پائی۔

اب روایتی حریف پاکستان اور بھارت اتوار کی شام پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے کالانگ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔