[ریکارڈز] سیریز میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار

0 1,056

آسٹریلیا کے لیے تو جاری ایشیز سیریز بہت مایوس کن رہی۔ اسے پانچ میں سے تین مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور جب وہ کسی مقابلے میں بالادست پوزیشن میں آیا، قدرت آڑے آ گئی اور بارش نے مقابلہ اس کی گرفت سے نکال لیا۔ ایسا لگتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ آسٹریلیا بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرے گا۔ البتہ جاتے جاتے ایشیز سیریز کے آخری روز وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے لیے ایک خوشخبری ضرور رہی کہ انہوں نے ایک سیریز میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو شکار کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

بریڈ ہیڈن نے ہم وطن روڈنی مارش کا 30 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کیا (تصویر: AP)
بریڈ ہیڈن نے ہم وطن روڈنی مارش کا 30 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کیا (تصویر: AP)

پانچ مقابلوں کی سیریز میں بریڈ ہیڈن نے 29 شکار کیے جو تمام کے تمام کیچ تھے اور یوں اپنے ہم وطن روڈنی مارش کا 1982-83ء کی ایشیز سیریز میں بنایا گیا 28 شکار کا ریکارڈ تڑ ڈالا۔

بریڈ ہیڈن نے ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں6، لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں 6، اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں 7، چیسٹر-لی-اسٹریٹ میں ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میں 6 اور اوول میں ہونے والے پانچویں و آخری ٹیسٹ میں 4 کھلاڑیوں کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کیا۔

اگر آسٹریلیا اس سیریز میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھاتا تو شاید بریڈ ہیڈن کے کیریئر کا یہ یادگار لمحہ ہوتا، لیکن فی الوقت تو ناقص نتائج کے بعد پوری ٹیم کے سر پر تلوار لٹک رہی ہوگی جس نے رواں سال کے آخر میں انگلستان کے خلاف اپنے ہی میدانوں پر جوابی ایشیز سیریز کھیلنی ہے۔

بہرحال، قارئین کی دلچسپی کے لیے ہم ایک سیریز میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو شکار بنانے والے وکٹ کیپرز کے اعدادوشمار پیش کر رہے ہیں۔ ملاحظہ کیجیے:

ایک سیریز میں سب سے زیادہ شکار کرنے والے وکٹ کیپرز

وکٹ کیپر ملک بمقابلہ بتاریخ کل مقابلے کل شکار کیچ اسٹمپ
بریڈ ہیڈن آسٹریلیا آسٹریلیا انگلستان انگلستان 2013ء 5 29 29 0
روڈنی مارش آسٹریلیا آسٹریلیا انگلستان انگلستان 1982-83ء 5 28 28 0
جیک رسل انگلستان انگلستان جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 1995-96ء 5 27 25 2
این ہیلی آسٹریلیا آسٹریلیا انگلستان انگلستان 1997ء 6 27 25 2
مارک باؤچر جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ انگلستان انگلستان 1998ء 5 26 25 1
ایڈم گلکرسٹ آسٹریلیا آسٹریلیا انگلستان انگلستان 2001ء 5 26 24 2
ایڈم گلکرسٹ آسٹریلیا آسٹریلیا انگلستان انگلستان 2006-07ء 5 26 24 2
جان ویٹ جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 1961-62ء 5 26 23 3
روڈنی مارش آسٹریلیا آسٹریلیا ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 1975-76ء 6 26 26 0
این ہیلی آسٹریلیا آسٹریلیا انگلستان انگلستان 1993ء 6 26 21 5