سچن ایک اور سنگ میل کے قریب، 200 ٹیسٹ میچز

0 1,027

سچن تنڈولکر اپنی ذات میں کرکٹ کی ریکارڈ بک ہیں، ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ کے درجنوں ریکارڈز لٹل ماسٹر کے نام ہیں، جن کے ٹوٹنے میں طویل عرصہ لگے گا اور شاید چند ریکارڈز تو کبھی نہ ٹوٹ پائیں۔

کیا سچن اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ ہوم گراؤنڈ یعنی ممبئی میں کھیل پائیں گے؟ (تصویر: BCCI)
کیا سچن اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ ہوم گراؤنڈ یعنی ممبئی میں کھیل پائیں گے؟ (تصویر: BCCI)

اب سچن ایک اور ریکارڈ کے قریب ہیں، 200 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ریکارڈ، جسے حاصل کرنے کے لیے سچن کو صرف دو ٹیسٹ میچز درکار ہیں۔ رواں سال ویسٹ انڈیز کے دورۂ بھارت میں امید ہے کہ سچن اس ریکارڈ کو بنا ڈالیں گے۔

اس ممکنہ تاریخی مقابلے کے لیے بھارت میں پہلے ہی زبردست تیاریاں کی جا رہی ہیں اور اس وقت سخت بحث ہے کہ یہ مقابلہ ممبئی میں ہونے چاہیے یا کولکتہ میں اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے درمیان سخت کشمکش جاری ہے۔

ممبئی سچن کا آبائی شہر ہے، اس لیے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ سچن کا 200 واں ٹیسٹ مقابلہ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہونا چاہیے جبکہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کا کہنا ہے کہ روٹیشن پالیسی کے تحت اب کولکتہ کی باری ہے، اور مذکورہ ٹیسٹ کی میزبانی ایڈن گارڈنز کو ملنی چاہیے۔

سچن اب تک 198 ٹیسٹ مقابلوں میں 15 ہزار 837 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ریکارڈ 51 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اگر وہ دو ٹیسٹ میچز کھیلنے میں کامیاب ہو گئے تو کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے جسے 200 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا اعزاز ملا۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلہ کھیلنے والوں کی فہرست میں سچن کے قریبی ترین حریف آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ ہیں جنہوں نے 168 ٹیسٹ مقابلے کھیلے جبکہ سچن کے ہم وطن راہول ڈریوڈ 164 اور جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس 162 میچز کھیل چکے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز جاوید میانداد نے کھیل رکھے ہیں، جن کی تعداد 124 ہے جبکہ انضمام الحق 120، وسیم اکرم 104 اور سلیم ملک 103 ٹیسٹ مقابلوں کے ساتھ 100 سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔