[ریکارڈز] یونس خان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین

0 1,077

زمبابوے کے خلاف ہرارے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں یونس خان نے نازک مرحلے پر شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنے کیریئر میں 22ویں سنچری بنا ڈالی۔ وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

یونس خان انضمام الحق، محمد یوسف اور جاوید میانداد کے بعد سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز ہیں (تصویر: Getty Images)
یونس خان انضمام الحق، محمد یوسف اور جاوید میانداد کے بعد سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز ہیں (تصویر: Getty Images)

یونس خان نے اپنے کیریئر کی یہ 22 ویں سنچری اپنے 83 ویں ٹیسٹ مقابلے میں بنائی ہے، جس کی پہلی اننگز میں تو وہ صرف 3 رنز بنا کر پویلین سدھار گئے تھے لیکن دوسری باری میں اس وقت اننگز کو سنبھالا دیا جب پاکستان محض 23 رنز پر 3 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ ان کی کپتان مصباح الحق کے ساتھ 116 اور بعد ازاں عدنان اکمل کے ساتھ 117 رنز کی رفاقت نے پاکستان کو مقابلے میں واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تادم تحریر یونس خان 300 گیندوں پر 125 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ ان کی اس اننگز میں 12 چوکے شامل ہیں۔ اس باری کی بدولت اب یونس جاوید میانداد سے صرف ایک سنچری کے فاصلے پر رہ گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں انضمام الحق نے بنا رکھی ہیں جن کی تعداد 25 ہے جبکہ محمد یوسف 24 اور جاوید میانداد 23 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اورتیسرے درجے پر موجود ہیں۔

یونس خان کے ٹیسٹ کیریئر میں ایک ٹرپل سنچری بھی شامل ہے جو انہوں نے 2009ء میں سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں بنائی تھی۔ ان کے علاوہ ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز صرف دو پاکستانیوں حنیف محمد اور انضمام الحق کو حاصل ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن تنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے اپنے 198 ٹیسٹ میچز میں 51 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ ان کے بعد جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس 44 اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز اوسط بہترین اننگز سنچریاں نصف سنچریاں
انضمام الحق 120 8830 49.60 329 25 46
محمد یوسف 90 7530 52.29 223 24 33
جاوید میانداد 124 8832 52.57 280* 23 43
یونس خان 83* 6874 51.29 313 22 26
سلیم ملک 103 5768 43.69 237 15 29