[ریکارڈز] یونس خان کی ایک اور ڈبل سنچری

0 1,085

پاکستان کے یونس خان نے ہرارے میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان کو میچ میں بالادست پوزیشن پر پہنچا دیا ہے بلکہ اپنے کیریئر میں چوتھی مرتبہ ڈبل سنچری بھی بنا ڈالی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں اس شاندار ڈبل سنچری سے قبل یونس 2005ء میں بھارت کے خلاف بنگلور ٹیسٹ میں، سری لنکا کے خلاف 2009ء میں کراچی ٹیسٹ میں اور بنگلہ دیش کے خلاف دسمبر 2011ء میں چٹاگانگ ٹیسٹ میں بھی ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں، بلکہ کراچی ٹیسٹ والی اننگز تو ٹرپل سنچری تک جا پہنچی تھی۔

یونس خان نے اپنے کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری چھکے کے ساتھ مکمل کی (تصویر: AP)
یونس خان نے اپنے کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری چھکے کے ساتھ مکمل کی (تصویر: AP)

35 سالہ یونس خان ہرارے میں اس وقت میدان میں موجود تھے، جب پاکستان پہلی اننگز میں 78 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد محض 23 رنز پر اپنی 3 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ اس موقع پر یونس خان نے پہلے مصباح الحق کے ساتھ 116، پھر عدنان اکمل کے ساتھ 117 اور آخری وکٹ پر راحت علی کے ساتھ صرف 95 گیندوں پر 88 رنز کی ناقابل شکست رفاقت بنا کر پاکستان کو 419 رنز کے بھاری بھرکم مجموعے تک پہنچایا۔

یونس خان کی اننگز کی ایک خاص بات ان کا عین اس وقت ڈبل سنچری تک پہنچنا تھا جب پاکستان کے پاس چوتھے دن اننگز ڈکلیئر کرنے کا آخری موقع تھا۔ اگر یونس پراسپر اتسیا کو چھکا رسید کر کے اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کرتے تو اس اوور کے مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے پاس دو ہی آپشن تھے، یا تو یونس کے انفرادی سنگ میل کو خاطر میں نہ لا کر اننگز ڈکلیئر کردے یا پھر یونس کو ڈبل سنچری تک پہنچنے دے اور زمبابوے کو دن کے حتمی اوورز میں نہ آزمائے۔ لیکن یونس نے کپتان مصباح الحق کو اس آزمائش میں ڈالا ہی نہیں اور اننگز کے 149 ویں اوور کی تیسری گیند کو شاندار انداز میں مڈ وکٹ کے باہر پہنچا کر اپنی چوتھی ڈبل سنچری مکمل کر ڈالی۔ یوں وہ جاوید میانداد کے بعد سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اگر وہ کیریئر میں دو مرتبہ 190 رنز بنانے کے بعد آؤٹ نہ ہوتے تو آج وہ جاوید میانداد کا قومی ریکارڈ برابر کر دیتے۔

بہرحال، یہاں مجموعی طور پر یونس نے 404 گیندوں تک حریف گیندبازوں کا سامنا کیا اور 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 200 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اب تک 18 بلے باز 36 ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں جن میں سے جاوید میانداد 6 کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ محمد یوسف، ظہیر عباس اور یونس خان نے 4،4 اور حنیف محمد، انضمام الحق، قاسم عمر اور شعیب محمد نے دو، دو مرتبہ 200 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری امتیاز احمد نے اکتوبر 1955ء میں لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی تھی جبکہ حنیف محمد نے 1958ء کے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں 337 رنز کی یادگار ترین اننگز کھیل کر پہلی بار کسی پاکستانی کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

ذیل میں آج تک پاکستان کے بلے بازوں کی جانب سے بنائی گئی ڈبل سنچریوں کی فہرست پیش ہے۔ یہ فہرست طویل ترین اننگز کے حساب سے مرتب کی گئی ہے اور اس میں بنائی گئی تمام ڈبل سنچریوں کا احوال ہے۔ امید ہے قارئین کی معلومات میں اضافے کا سبب بنے گی۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈبل سنچریاں بنانے والے بلے باز

نام رنز منٹ گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ میدان تاریخ
حنیف محمد 337 970 - 24 0 ویسٹ انڈیز برج ٹاؤن، بارباڈوس جنوری 1958ء
انضمام الحق 329 579 436 38 9 نیوزی لینڈ لاہور مئی 2002ء
یونس خان 313 760 568 27 4 سری لنکا کراچی فروری 2009ء
جاوید میانداد 280* 696 460 19 1 بھارت حیدرآباد، سندھ جنوری 1983ء
ظہیر عباس 274 544 467 38 0 انگلستان برمنگھم جون 1971ء
جاوید میانداد 271 558 465 28 5 نیوزی لینڈ آکلینڈ فروری 1989ء
یونس خان 267 690 504 32 1 بھارت بنگلور مارچ 2005ء
جاوید میانداد 260 617 521 28 1 انگلستان اوول، لندن اگست 1987ء
وسیم اکرم 257* 490 363 22 12 زمبابوے شیخوپورہ اکتوبر 1996ء
ظہیر عباس 240 545 410 22 0 انگلستان اوول، لندن اگست 1974ء
سلیم ملک 237 443 328 34 0 آسٹریلیا راولپنڈی اکتوبر 1994ء
توفیق عمر 236 712 496 17 1 سری لنکا ابوظہبی اکتوبر 2011ء
ظہیر عباس 235* 375 - 29 2 بھارت لاہور اکتوبر 1978ء
مدثر نذر 231 627 444 21 1 بھارت حیدرآباد، سندھ جنوری 1983ء
محمد یوسف 223 602 373 26 2 انگلستان لاہور نومبر 2005ء
ظہیر عباس 215 334 254 23 2 بھارت لاہور دسمبر 1982ء
جاوید میانداد 211 636 441 29 1 آسٹریلیا کراچی ستمبر 1988ء
اعجاز احمد 211 519 372 23 1 سری لنکا ڈھاکہ مارچ 1999ء
تسلیم عارف 210* 435 379 20 0 آسٹریلیا فیصل آباد مارچ 1980ء
قاسم عمر 210 685 442 27 0 بھارت فیصل آباد اکتوبر 1984ء
امتیاز احمد 209 380 - 28 0 نیوزی لینڈ لاہور اکتوبر 1955ء
جاوید میانداد 206 410 - 29 2 نیوزی لینڈ کراچی اکتوبر 1976ء
قاسم عمر 206 - - - 0 سری لنکا فیصل آباد اکتوبر 1985ء
عامر سہیل 205 343 284 32 0 انگلستان مانچسٹر جولائی 1992ء
محمد یوسف 204* 325 243 34 2 بنگلہ دیش چٹاگانگ جنوری 2002ء
حنیف محمد 203* 445 - 33 0 نیوزی لینڈ لاہور اپریل 1965ء
جاوید میانداد 203* - - - 1 سری لنکا فیصل آباد اکتوبر 1985ء
شعیب محمد 203* 484 338 20 0 بھارت لاہور دسمبر 1989ء
شعیب محمد 203* 656 411 23 0 نیوزی لینڈ کراچی اکتوبر 1990ء
محمد یوسف 203 528 429 27 3 نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ مارچ 2001ء
محمد یوسف 202 468 330 26 1 انگلستان لارڈز، لندن جولائی 2006ء
مشتاق محمد 201 383 - 20 0 نیوزی لینڈ ڈنیڈن فروری 1973ء
انضمام الحق 200* 535 397 23 2 سری لنکا ڈھاکہ مارچ 1999ء
یونس خان 200* - 290 18 3 بنگلہ دیش چٹاگانگ دسمبر 2011ء
یونس خان 200* 612 404 15 3 زمبابوے ہرارے ستمبر 2013ء
محسن خان 200 495 386 23 0 انگلستان لارڈز، لندن اگست 1982ء