فیصل آباد وولفز کو بھارتی ویزے مل گئے، سی ایل ٹی 20 میں شرکت یقینی

2 1,044

بالآخر بھارت نے چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے لیے فیصل آباد وولفز کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دیے ہیں جس کے بعد پاکستانی چیمپئن ٹیم کی اہم ٹورنامنٹ میں شرکت پر منڈلانے والے سیاہ بادل چھٹ چکے ہیں۔

فیصل آباد نے رواں سال سپر 8 ٹی 20 کپ کے فائنل میں سیالکوٹ کو شکست دے کر چیمپئنز لیگ میں جگہ پائی تھی (تصویر: PCB)
فیصل آباد نے رواں سال سپر 8 ٹی 20 کپ کے فائنل میں سیالکوٹ کو شکست دے کر چیمپئنز لیگ میں جگہ پائی تھی (تصویر: PCB)

فیصل آباد وولفز کو 17 ستمبر کو موہالی میں اوٹاگو کے خلاف کوالیفائنگ راؤنڈ کا پہلا مقابلہ کھیلنا تھا لیکن اب تک بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ ہونے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے حوالے سامنے آنے والے خدشات کے باعث فیصل آباد کی شرکت مشکوک نظر آ رہی تھی بلکہ چند حلقوں سے تو یہ واضح پیغام آیا کہ بھارت فیصل آباد کی ٹیم کا خیرمقدم نہیں کرے گا۔

گزشتہ سال پہلی بار جنوبی افریقہ میں ہونے والی سی ایل ٹی 20 میں کسی پاکستانی ٹیم نے شرکت کی تھی جب شعیب ملک کی زیر قیادت سیالکوٹ اسٹالینز کوالیفائنگ راؤنڈ ہی میں شکست کے ساتھ باہر ہوگئی البتہ اس مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز قومی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق کی فیصل آباد وولفز کو ملا ہے۔

فیصل آباد کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کی چیمپئن اوٹاگو کے علاوہ سری لنکن فاتح کندوراتا مرونز اور بھارت کی حیدرآباد سن رائزرز کا مقابلہ کرنا ہوگا، جہاں کم از کم دو فتوحات ہی فیصل آباد کی حتمی مرحلے تک رسائی کو یقینی بنا سکتی ہیں۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کے 6 مقابلوں کے بعد ٹورنامنٹ کے حتمی مرحلے کا باضابطہ آغاز 21 ستمبر کو جے پور میں راجستھان رائلز اور ممبئی انڈینز کے درمیان مقابلے سے ہوگا جبکہ 20 مقابلوں پر مشتمل یہ مرحلہ 2 اکتوبر کو چنئی سپر کنگز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے درمیان مقابلے سے مکمل ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل 4 اکتوبر کو جے پور اور دوسرا 5 اکتوبر کو دہلی میں ہوگا جبکہ فائنل 6 اکتوبر کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی چیمپئن فیصل آباد کو مصباح الحق کے علاوہ سعید اجمل جیسے عالمی معیار کے کھلاڑی کی خدمات میسر ہیں جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے احسان عادل، اسد علی، محمد سلمان اور سمیع اللہ نیازی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ویزے کا مرحلہ طے پاجانے کے بعد دیکھنا یہ ہے کہ کیا فیصل آباد سی ایل ٹی 20 کے حتمی مرحلے تک پہنچ پائے گا؟