فیصل آباد وولفز کی بھارت روانگی اور عمار محمود کا معمہ

0 1,099

چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی 2013ء کا آغاز محض چند دنوں کی بات ہے اور پاکستان کی نمائندگی کرنے والی فیصل آباد وولفز کی ٹیم تو آج صبح بھارت کے لیے روانہ بھی ہوگئی ہے جہاں وہ 17 ستمبر کو اوٹاگو وولٹس کے خلاف اپنا پہلا کوالیفائر کھیلے گی لیکن روانہ ہونے والی ٹیم میں ایک کھلاڑی عمار محمود کی موجودگی نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

عمار محمود کی عمر 34 سال سے زیادہ ہے اور انہوں نے کیریئر میں صرف ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلا ہے، وہ بھی 5 سال پہلے (تصویر: PCB)
عمار محمود کی عمر 34 سال سے زیادہ ہے اور انہوں نے کیریئر میں صرف ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلا ہے، وہ بھی 5 سال پہلے (تصویر: PCB)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال مارچ کے مہینے میں ہونے والے فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے فیصل آباد کی جس ٹیم کا اعلان کیا تھا اس میں عمار محمود کا نام شامل نہیں تھا، یہی وجہ ہے کہ عمار نے اس ٹورنامنٹ میں کوئی مقابلہ نہیں کھیلا ۔ لیکن اب سی ایل ٹی 20 کے لیے اعلان کردہ دستے میں ان کی شمولیت اور اب بھارت روانگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ عمار محمود کو سپر8 سے ایک روز قبل متبادل کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

لیکن ریکارڈز ظاہر کرتے ہیں کہ 34 سالہ عمار محمود نے تو آج تک کیریئر میں صرف ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلا ہے اور وہ بھی پانچ سال قبل 2008ء میں۔ تو ایسا کھلاڑی جس کے پاس سرے سے ٹی20 کرکٹ کا تجربہ ہی نہیں وہ ملک کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اک ایسی ٹیم میں شامل بھی کرلیا جاتا ہے جو نہ صرف فاتح کہلاتی ہے بلکہ دنیا کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ میں شرکت کے لیے بیرون ملک بھی جاتی ہے۔

تو کیا پاکستان کے پاس کھلاڑیوں کا اتنا قحط ہے کہ اسے ایک ایسے زائد العمر کھلاڑی کو اہم دستوں میں شامل کرنا پڑتا ہے جس نے آج تک کیریئر میں صرف ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلا ہے؟