ٹیسٹ رینکنگز، حفیظ، اسد، اظہر کی تنزلی، مصباح کی ترقی

0 1,022

زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بدترین کارکردگی نے پاکستان کی درجہ بندی کو تو نقصان پہنچایا ہی، لیکن انفرادی سطح پر ناکامی نے کھلاڑیوں کو بھی نیچے کی طرف دھکیل دیا ہے۔ توقعات کے برخلاف کارکردگی پر محمد حفیظ، اظہر علی اور اسد شفیق عالمی درجہ بندی میں تنزلی کاشکار ہوئے ہیں البتہ اِن فارم مصباح الحق بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

بلے بازوں کی ناکامی پاکستان کی سیریز میں ناکامی کا بنیادی سبب رہی (تصویر: AFP)
بلے بازوں کی ناکامی پاکستان کی سیریز میں ناکامی کا بنیادی سبب رہی (تصویر: AFP)

پاک-زمبابوے سیریز کے اختتام پر تازہ تر ہونے والی درجہ بندی کے مطابق یونس خان واحد پاکستانی بلے باز ہیں جو سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہیں۔ زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں 309 رنز بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے یونس خان چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ مصباح الحق 217 رنز بنانے کے بعد 16 ویں سے 12 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کی ناکام مثلث ہے۔ اظہر علی چار اننگز میں صرف 85 رنز بناپائے اور 12 ویں سے 16 نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ اتنی ہی باریوں میں 43 رنز بنانے والے اسد شفیق 25 ویں سے 34 ویں اور "پروفیسر" محمد حفیظ 4 اننگز میں 59 رنز بنانے کے بعد 49 ویں سے 85 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹیسٹ بلے بازوں میں پہلی پوزیشن بدستور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو حاصل ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب باؤلنگ میں بھی پاکستان کے لیے کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔ سعید اجمل توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا پانے کے باعث تیسری پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں اور اب وہ چوتھے نمبر پر ہیں البتہ عبد الرحمٰن ترقی پا کر 11 ویں پوزیشن پر ضرور آ گئے ہیں۔

باؤلرز میں بھی راج جنوبی افریقہ کا ہے جس کے ڈیل اسٹین پہلے اور ویرنن فلینڈر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ کا نمبر تیسرا ہے۔

ٹیسٹ کی مکمل درجہ بندی کرک نامہ کے اس خصوصی صفحے پر دیکھیں۔