سابق کرکٹر کے پلنگ کے نيچے سے مگرمچھ برآمد

2 1,124

آپ نے کبھی کسی کرکٹر کے حوالے سے اتنی خوفناک خبر نہ سنی ہوگی، کہ زمبابوے کے سابق آل راؤنڈر گائے وٹل نے پوری رات اک ایسے کمرے میں گزاری جہاں اُن کے پلنگ کے عین نیچے 8 فٹ لمبا اور 330 پونڈ وزنی مگرمچھ تھا۔

طویل عرصے تک زمبابوے کی نمائندگی کرنے والے گائے وٹل کے کمرے سے صبح 8 فٹ لمبا مگرمچھ برآمد ہوا (تصویر: Caters News Agency)
طویل عرصے تک زمبابوے کی نمائندگی کرنے والے گائے وٹل کے کمرے سے صبح 8 فٹ لمبا مگرمچھ برآمد ہوا (تصویر: Caters News Agency)

برطانیہ کے اخبار 'ڈیلی میل' کے مطابق یہ مگر مچھ کسی طرح سیاحوں کی قیام گاہ ہومانی لوج میں داخل ہو گیا تھا اور اس کمرے میں آٹھ گھنٹے تک چھپا رہا جہاں سابق کھلاڑی کا قیام تھا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ گائے وٹل کو بالکل بھی اندازہ نہیں ہوسکا کہ ان کے پلنگ کے عین نیچے کون سی بلا چھپی ہے بلکہ اگلے روز صبح جب وہ ناشتہ کر رہے تھے تو انہیں ہوٹل کی ایک ملازمہ کی چیخوں کی آواز سنائی دی جس پر عملے نے پایا کہ وٹل کے کمرے میں ایک 8 فٹ لمبا مگر مچھ موجود ہے۔

زمبابوے کی جانب سے 46 ٹیسٹ اور 147 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلنے والے گائے وٹل کا کہنا ہے کہ "اب سوچ رہا ہوں تو رونگٹے کھڑے ہو رہے ہیں کہ میں صبح اٹھنے کے بعد پلنگ سے نیچے ٹانگیں لٹکا کر بیٹھا تھا، وہ بھی اتنے بڑے مگر مچھ سے محض چند انچوں کے فاصلے پر۔" 41 سالہ گائے وٹل اس وقت ہومانی لوج کے ڈائریکٹر ہیں۔

معلوم ہوا کہ یہ مگر مچھ اس ہوٹل سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دریائے ترگوے سے آیا تھا اور بعد ازاں اسے واپس دریا میں چھوڑ دیا گیا۔

زمبابوے اپنی جنگلی حیات کے باعث افریقہ میں ایک ممتاز مقام رکھتا ہے اور یہاں انے والے اکثر سیاح قدرتی ماحول میں جانوروں کو دیکھنے کے لیے سفاری سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

41 سالہ گائے وٹل زمبابوے کی جانب سے 46 ٹیسٹ اور 147 ون ڈے کھیل چکے ہیں (تصویر: Caters News Agency)
41 سالہ گائے وٹل زمبابوے کی جانب سے 46 ٹیسٹ اور 147 ون ڈے کھیل چکے ہیں (تصویر: Caters News Agency)