عمران طاہر خوابوں کی تعبیر: گریم اسمتھ

0 1,048

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے پاکستانی نژاد عمران طاہر کی جنوبی افریقی اسکواڈ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور کپتان انہیں ایک جارحانہ اسپنر کی کمی ہمیشہ محسوس ہوئی، اور بالآخر ٹیم میں بہترین اسپنر کی شمولیت کا یہ خواب عمران طاہر کی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔ پاکستان میں پیدا ہونے والے عمران طاہر کو جنوبی افریقہ کی شہریت ملنے کے بعد بھارت کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کا نام عالمی کپ 2011ء کے لیے اعلان کردہ 30 رکنی اسکواڈ میں بھی موجود ہے۔

گریم اسمتھ کا کہنا ہے ان کی نظریں 31 سالہ اسپنر کی کی مدد کرنے پر مرکوز ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے قومی سیٹ اپ میں گھر جیسا محسوس کریں۔ اسمتھ نے دباؤ کے عنصر کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ ہم طاہر کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔ گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ایک روزہ کیریئر کے اختتام سے قبل ایک مرتبہ آئی سی سی ٹرافی اٹھانا چاہتے ہیں اور عالمی کپ 2011ء ان کے پاس اپنے خواب کی تعمیل کا آخری موقع ہے کیونکہ اس عالمی ایونٹ کے بعد اسمتھ ایک روزہ میچز سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

اگلے ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ 2011ء سے قبل یہ جنوبی افریقہ کی آخری ایک روزہ میچز کی سیریز ہے اور جنوبی افریقہ کی عالمی کپ کے لیے تیاریوں کا بہت زیادہ انحصاراس سیریز پر ہے۔ خصوصا انہیں برصغیر کی کنڈیشنز کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا جہاں کی پچز بلے بازوں اور اسپنرز کو مدد دیتی ہیں۔