اسد رؤف کے گرد گھیرا تنگ ، فون کالز منظرعام پر

8 1,055

ممبئی پولیس نے پاکستان کے امپائر اسد رؤف اور بھارتی اداکار وندو دارا سنگھ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے، جس نے پاکستانی امپائر کے لیے سنگین مسائل کھڑے کر دیے ہیں۔ کیونکہ چند روز قبل وہ ثبوت پیش کرنے کا چیلنج دے رہے تھے جو اب عدالت میں پیش ہونے جا رہے ہیں۔

مئی میں ریکارڈ کی گئی گفتگو میں اسد رؤف اپنی سالگرہ پر تحفہ طلب کرتے اور میچز پر سٹے بازی کے نرخ معلوم کرتے سنائی دیے (تصویر: AP)
مئی میں ریکارڈ کی گئی گفتگو میں اسد رؤف اپنی سالگرہ پر تحفہ طلب کرتے اور میچز پر سٹے بازی کے نرخ معلوم کرتے سنائی دیے (تصویر: AP)

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آئی پی ایل فکسنگ منصوبے میں پیش کردہ چارج شیٹ میں یہ ریکارڈ شدہ گفتگو اضافی شہادت کی حیثیت پیش کی جائے گی۔

رواں سال 12 سے 16 مئی کے دوران ہونے والی گفتگو میں وندو اور دیگر سٹے بازوں کو اسد رؤف کے ساتھ آئی پی ایل کے مقابلوں اور شرطیں جیتنے سے ہونے والے منافع اور نقصانات حتیٰ کہ اسد رؤف کی سالگرہ کے حوالے سے گفتگو کرتے بھی سنا گیا ہے اور آخری ٹیپ میں وندو کو اسد رؤف کو سم توڑنے اور ملک سے بھاگ جانے کو کہا گیا۔

پہلی گفتگو

اسد رؤف: آج میری سالگرہ ہے، کیک منگاؤ

وندو: دادا، سنجو کو کال کرو اور اسے کہو کہ دادا کو 6 لاکھ روپے والی ایک گھڑی پسند آئی ہے، وہ تحفے دیتا رہتا ہے؛ اسے کہو کہ وہ آپ کو یہ گھڑی تحفے میں دے۔

وندو: میں پون کو کال کرتا ہوں، آپ سنجو کو کال کرو اور تحفے کا مطالبہ کرو۔

وندو: آپ بولو ۔۔۔ آپ کا پریزینٹ بھی اور میرا بھی لے کر آج ہی آ جائے۔ دادا، آر سی بی اور سن رائزرز کو فائنل میں آنا چاہیے، اور اگر وہ جیت گئے تو لوگ تو برباد ہو جائیں گے اور ہم جیت جائیں گے۔

اسد رؤف: راجستھان رائلز اور چنئی سپر کنگز کا میچ کہاں ہوگا؟

وندو: راجستھان میں ۔۔ لیکن اس کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا۔ حکم ابھی آنا باقی ہے۔

دوسری گفتگو

پریم تنیجا (سٹے باز): دادا، کہاں ہو؟

اسد رؤف: لنکنگ روڈ پر شاپنگ کر رہا ہوں۔ ریٹ کیا ہے؟

پریم: 53 پیےو، راجستھان رائلز ۔۔ تین اوورز میں دس رنز، اور میری پسند ہے چنئی۔

اسد رؤف: میری آدھی پیٹی کھا لو تم (یعنی میں 50 ہزار روپے کی شرط لگاتا ہوں)۔

پریم: اوکے

تیسری گفتگو

وندو: آپ نے اپنی سونے کی زنجیر دیکھی؟ بہت موٹی ہے، دیکھو گے تو خوش ہو جاؤ گے، لیکن اگر اسے پاکستان لے گئے تو مسئلہ ہو جائے گا۔

اسد رؤف: کیوں؟

وندو: سوچ لو، اگر آپ یہ پہن کر گئے تو ایئرپورٹ پر آپ کا اسکین ہوگا۔ اس لیے اسے اپنی ٹی شرٹ کے اندر چھپانا۔ اور انہیں کہنا کہ وہ آپ کو اس کی رسید دیں اور اس پر ظاہر کریں کہ انہوں نے آپ کو بہت رعایت دی ہے۔

اسد رؤف: اوکے

چوتھی گفتگو

اسد رؤف: کیا ہوا؟

وندو: ابے، ٹی وی پر خبریں نہیں دیکھیں کیا؟

اسد رؤف: کیا؟

وندو: کھلاڑی اٹھا لیے گئے ہیں۔ تمام موبائل فونز بند کرو اور سمیں توڑ دو۔

اسد رؤف: اچھا

وندو: راجستھان کے تین کھلاڑی پکڑے گئے ہیں، اور ایسی خبریں ہیں کہ 40 اور بھی پکڑے جائیں گے ۔۔ وہ سب کو پکڑیں گے ۔۔ فلائٹ پکڑو اور پاکستان بھاگ جاؤ۔