واٹمور کے اقتدار کا سنگھاسن ڈوبتا ہوا، کھلاڑیوں کے بھی تیور بدل گئے

0 1,030

ڈیڑھ سال تک پاکستان کی ناکام کوچنگ کرنے کے بعد ڈیو واٹمور کے اقتدار کا سنگھاسن ڈوبتا نظر آ رہا ہے اور 'چڑھتے سورج کے پجاری' سینئر کھلاڑیوں کے تیور بھی اب بدلتے نظر آ رہے ہیں۔

واٹمور کے پاکستان میں آخری ایام میں سینئر کھلاڑیوں نے بھی نظریں پھیر لی ہیں (تصویر: AFP)
واٹمور کے پاکستان میں آخری ایام میں سینئر کھلاڑیوں نے بھی نظریں پھیر لی ہیں (تصویر: AFP)

دورۂ جنوبی افریقہ میں ناکامی کے بعد زمبابوے جیسے کمزور حریف کے خلاف بھی سیریز جیتنے میں ناکامی کے بعد واٹمور پرستاروں کے ساتھ ساتھ ٹیم کے اندر بھی ہمدردیاں بھی کھو چکے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق اب ٹیم میٹنگز میں سینئر کھلاڑی ہیڈ کوچ کی باتوں کو سنی ان سنی کردیتے ہیں اور بعض اوقات تو ان کی ہدایات کا مذاق تک اڑایا جاتا ہے اور اس کی وجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کی سینئرز پر مہربانیاں اور کوچ سے آنکھیں پھیرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید اجمل نے گزشتہ دنوں جو بیان دیا ہے، جس پر انہیں بعد ازاں معافی بھی مانگنی پڑی، وہ بھی اسی ماحول کا نتیجہ ہے جو سینئرز نے بنا رکھا ہے۔

فی الوقت یہ امر تو طے شدہ ہے کہ پی سی بی کا ڈیو واٹمور کے کوچ کے عہدے کی میعاد میں توسیع کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اور یہی بات ہے کہ اب ان کی حیثیت ایک ڈوبتے ہوئے سورج کی ہوچکی ہے۔ اگر پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بھی ناکامی کا شکار ہوا تو شاید وقت سے پہلے ہی واٹمور کی داستان مکمل ہوجائے۔