پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان، محمد حفیظ کی چھٹی

2 1,035

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں نائب کپتان محمد حفیظ شامل نہیں۔

پے در پے ناکامیوں کے بعد بالآخر نائب کپتان محمد حفیظ کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا (تصویر: AFP)
پے در پے ناکامیوں کے بعد بالآخر نائب کپتان محمد حفیظ کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا (تصویر: AFP)

ٹیسٹ کرکٹ میں پے در پے ناکامیوں کا منہ دیکھنے والے محمد حفیظ کی شمولیت یا عدم شمولیت کے معاملے ہی نے ٹیم کے اعلان کو یہاں تک لٹکا دیا کہ روانگی سے صرف ڈیڑھ دن قبل ہی اس کا اعلان ہو پایا ہے اور وہ بھی اس صورت میں کہ تین کھلاڑیوں کے نام ابھی باقی ہیں۔ بورڈ 9 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات کے خلاف سہ روزہ پریکٹس میچ میں کارکردگی دکھانے والے تین کھلاڑیوں کو شامل کر کے 15 رکنی اسکواڈ مکمل کرے گا۔

اس اہم ترین سیریز کے لیے مصباح الحق کو کپتان کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ہے ، یوں انہیں اپنی قائدانہ اہلیت ثابت کرنے اور رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ شکست کا بدلہ لینے کا موقع دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ طویل قامت محمد عرفان بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ اسد شفیق کو بری کارکردگی کے بعد باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔

بہرحال، اعلان کردہ 12 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، اظہر علی، جنید خان، خرم منظور، ذوالفقار بابر، راحت علی، سعید اجمل، عبدالرحمٰن، عمر امین، محمد عرفان اور یونس خان۔