سائیڈ مقابلہ بے نتیجہ، پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی

0 1,074

پاکستان 'اے' اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ روزہ مقابلہ بلے بازوں کے نام رہا اور بغیر کسی نتیجے تک پہنچے اختتام پذیر ہوا لیکن مہمان بلے بازوں نے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

جنوبی افریقہ مقابلے میں اپنی بھرپور قوت کے ساتھ کھیلا (تصویر: PCB)
جنوبی افریقہ مقابلے میں اپنی بھرپور قوت کے ساتھ کھیلا (تصویر: PCB)

شارجہ کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے تین روزہ مقابلے میں پاکستان 'اے' نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو کھیلنے کی دعوت دی جس نے الویرو پیٹرسن، ہاشم آملہ، ژاک کیلس اور ابراہم ڈی ولیئرز کی نصف سنچریوں اور ژاں پال دومنی کے 49 رنز کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز بنا ڈالے۔ کیلس 100 گیندوں پر 70 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ پیٹرسن اور ڈی ولیئرز نے 58، 58 رنز بنائے۔

الویرو پیٹرسن، ہاشم آملہ اور دومنی تینوں ریٹائر آؤٹ ہوئے یعنی انہوں نے دوسرے بلے بازوں کو مشق کا موقع دیا۔

پاکستان 'اے' کی جانب سے احسان عادل، عمران خان، اعزاز چیمہ، عثمان قادر اور صہیب مقصود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے بھی بلے بازوں کے لیے سازگار وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اوپنرز شان مسعود اور احمد شہزاد کے علاوہ ون ڈاؤن بلے باز اظہر علی نے بھی نصف سنچری بنا ڈالی۔ شان مسعود 50 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے اور دوسرے بلےبازوں کو موقع دیا گیا جن میں سے اظہر علی 54، اسد شفیق 42، صہیب مقصود 34 اور احمد شہزاد 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی پہلی اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز کے ساتھ ڈکلیئر ہوئی۔

جنوبی افریقہ نے 9 گیند بازوں کو آزمایا، جن میں ڈیل اسٹین اور ویرنن فلینڈر نے بالترتیب سب سے زیادہ 18 اور 15 اوورز کرائے۔ پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے تمام ہی جنوبی افریقی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان میں سے صرف فلینڈر، مورکل اور رابن پیٹرسن ہی وکٹیں حاصل کرپائے۔

جنوبی افریقہ نے تیسرے وآخری دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے اور اس کے ساتھ ہی مقابلہ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے مکمل ہو گیا۔

اس مقابلے میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان نے احمد شہزاد، شان مسعود اور اسدشفیق کو ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کرلیا۔ یوں پاکستان کا مکمل 15 رکنی دستہ تیار ہوچکا ہے جس میں سے پہلے ٹیسٹ کی ٹیم منتخب ہوگی جو 14 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلے گی۔