وکٹیں گنوانے والے بلے بازوں سے سختی سے پیش آئیں: آفریدی کا مصباح کو مشورہ

0 1,019

پاکستان میں جس طرح ہر معاملے میں لوگوں کی دو انتہائی آراء ہوتی ہیں، بالکل ویسا ہی معاملہ کرکٹ کا ہے۔ شاہد آفریدی کو پسند کرنے والے مصباح الحق کے کھیلنے کے انداز کو نہیں دیکھنا چاہتے اور مصباح کی ذمہ داری بلے بازی کے شائق آفریدی کی جلدی بازی کو سخت ناپسند کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈيا ان دونوں کے پرستاروں کا ایک میدان جنگ بنا ہوا ہے اور اب تو چند نجی ٹیلی وژن چینل تک اس جنگ میں کود کر اپنے من پسند کھلاڑیوں کی طرف داری کر رہے ہیں۔

آفریدی سمجھتے ہیں کہ مصباح کو اپنے بلے بازی کے انداز کے ساتھ ساتھ رویے میں بھی جارح مزاجی لانا ہوگی (تصویر: AFP)
آفریدی سمجھتے ہیں کہ مصباح کو اپنے بلے بازی کے انداز کے ساتھ ساتھ رویے میں بھی جارح مزاجی لانا ہوگی (تصویر: AFP)

لیکن حقیقت میں دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے بہت احترام بھی رکھتے ہیں اور اپنی قیمتی آراء سے قومی کرکٹ ٹیم کو نوازنے میں بخل سے کام نہیں لیتے۔ یہی وجہ ہے کہ شاہد خان آفریدی نے مصباح الحق کو جنوبی افریقہ کے خلاف آنے والی سخت سیریز کے لیے کچھ بہت قیمتی مشورے دیے ہیں۔

روزنامہ 'ڈان' کو دیے گئے انٹرویو میں سابق کپتان شاہد خان نے مصباح الحق کو کہا ہے کہ جس طرح انہوں نے کچھ عرصے سے اپنے کھیل میں تبدیلی لاتے ہوئے جارح مزاجی اپنائی ہے، بالکل ویسا ہی جارحانہ رویہ وہ ان بلے بازوں کے خلاف بھی اپنائیں جو اہم مواقع پر اپنی قیمتی وکٹیں گنواتے ہیں۔

شاہد خان نے مصباح الحق کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مصباح قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور مشکل لمحات میں فتح گر کارکردگی دکھاتے ہیں، وہ قابل تعریف ہے لیکن انہیں بے تکے شاٹ کھیل کر ٹیم کی مشکلات بڑھانے والے بلے بازوں کا سدباب کرنا ہوگا۔

362 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ان کی نظریں 2015ء کے عالمی کپ پر مرکوز ہیں جس کے بعد وہ اپنی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے کہ انہیں بین الاقوامی کرکٹ جاری رکھنی چاہیے یا نہیں۔