ہربھجن-سائمنڈز تنازع میں کرکٹ آسٹریلیا نے سخت مایوس کیا: رکی پونٹنگ

0 1,216

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ آسٹریلیا نے 2008ء کے ہربھجن-سائمنڈز تنازع میں انہیں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو سخت مایوس کیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کے مقابلے میں بھارت سے کرکٹ تعلقات کو مقدم جانا: رکی پونٹنگ (تصویر: Fox Sports)
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کے مقابلے میں بھارت سے کرکٹ تعلقات کو مقدم جانا: رکی پونٹنگ (تصویر: Fox Sports)

حال میں شایع ہونے والی اپنی خودنوشت 'At The Close of Play' میں رکی پونٹنگ نے اس مشہور تنازع پر روشنی ڈالی ہے، جس نے 2008ء میں بھارت اور آسٹریلیا کے کرکٹ تعلقات کو سخت نقصان پہنچایا تھا۔

کتاب میں پونٹنگ نے لکھا ہے کہ میں تو یہی سمجھ سکتا ہوں کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کے مقابلے میں بھارت سے کرکٹ تعلقات کو مقدم جانا۔ انہوں نے مجھے بھی سخت مایوس کیا اور ٹیم کے دیگر اراکین کو بھی، اور اس واقعے کو بھلانے میں مجھے ہمیشہ بہت مشکل ہوتی ہے۔

ہربھجن سنگھ نے 2008ء کے دورۂ آسٹریلیا میں سڈنی ٹیسٹ کے دوران حریف کھلاڑی اینڈریو سائمنڈز کو مبینہ طور پر 'بندر' کہا تھا جس پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ابتداءً بھجی پر تین ٹیسٹ میچز کی پابندی عائد کردی تھی لیکن بعد ازاں اپیل کی سماعت کے بعد پابندی واپس لے لی گئی تھی۔

قبل ازیں کتاب کے منظرعام پر آنے والے ابتدائی اقتباسات میں پونٹنگ نے اس تنازع میں سچن تنڈولکر کے کردار پر بھی انگلی اٹھائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ سچن جیسے کھلاڑی کا اس اہم معاملے پر میچ ریفری کے روبرو خاموشی اختیار کرنا ان کی سمجھ سے باہر ہے۔

البتہ رکی نے سچن تنڈولکر کو بحیثیت بلے باز خراج تحسین ضرور پیش کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ "سچن بلاشبہ ان تمام کھلاڑیوں میں سب سے بہتر ہے جن کے خلاف میں کھیلا لیکن لارا ایک زیادہ بڑا میچ ونر کھلاڑی تھا۔ پیٹرسن انگلستان کا وہ بہترین کھلاڑی ہے جس کے خلاف میں کھیلا۔ وہ مشکل حالات میں بالکل نہیں گھبراتا۔"

رکی پونٹنگ نے گزشتہ سال نومبر میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا جبکہ سچن اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران اپنا 200 واں ٹیسٹ مقابلہ کھیل کر ریٹائر ہوجائیں گے۔

بہرحال، رکی پونٹنگ کی کتاب کے اقتباسات نے پانچ سال پرانے اس تنازع کو ایک مرتبہ پھر زندہ کردیا ہے اور اس وقت کے بھارت کے کپتان انیل کمبلے نے کہا ہے کہ اگر اس معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے میری آنے والی آپ بیتی دیکھیں۔